اسلام ہمیں مجبور اور بے بس لوگوں کی مدد کرنے کی تلقین کرتا ہے‘ راشد نسیم

ہو شربا مہنگائی نے سفید پوش طبقے کی عید کی خوشیاں ماند کر دی ہیں ‘ نائب امیر جماعت اسلامی

پیر 27 جون 2016 18:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ ہوشربا مہنگائی نے سفید پوش طبقہ کی عید کی خوشیاں ماند کر دی ہیں، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے ہر کوئی پریشان دکھائی دیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روزانہوں نے جماعت اسلامی واپڈا ٹاؤن میں فہم قرآن سنت پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں میاں محمد رفیع ، سیکرٹری اطلاعت جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد ، اظہر بلال ، انس واحدی و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔راشد نسیم نے کہا کہ عید کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں رش تو ہے لیکن ان میں اکثر محض قیمتوں کا پوچھ کر نا امید واپس چلے جاتے ہیں اور ہمارے حکمران طبقے کی ناکامی یہ ہے کہ اپنے عوام کو نہ صرف غربت سے نہیں نکال پارہے ہیں بلکہ اپنی عوام کے لیے غربت ختم کرنے میں بھی ناکام ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں مذہبی تہواروں کی آمد کے ساتھ ہی قیمتوں میں کئی گناہ کمی کر دی جاتی ہے لیکن بدقسمتی کے ساتھ ہمارے ملک میں جب بھی کوئی مذہبی تہوار آتا ہے تو قیمتوں میں بے تحاشااضافہ کر دیا جا تا ہے ۔ انہوں نے مذید کہا کہ رمضان المبارک میں انسانیت کی خدمت کرنا ، درد دل رکھنے والے لوگوں کا کام ہے ہمارا مذہب اسلام ہمیں مجبور اور بے بس لوگوں کی مدد کرنے کی تلقین کرتا ہے ہمیں اپنے اردگرد عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ غریب اور متوسط وہ لوگ جو نئے کپڑے، جوتے نہیں لے سکتے اور جن کے گھروں سے خوشیاں دور ہیں ہمیں ان کے ساتھ اپنی خوشیاں اپنا پیار بانٹناہو گایہی ہمارا دین ہے اور آپﷺ کی سنت بھی ۔