فاٹا میں ایف سی آر کو ختم کرکے شرعی عدالتی نظام کانفاذ خوش آئند فیصلہ ہے‘میاں مقصود احمد

پاکستان میں شریعت نافذ کرکے ہم اسے دنیا میں رول ماڈل بناسکتے ہیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 27 جون 2016 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے وفاقی حکومت کی طرف سے فاٹا میں ایف سی آر کے نظام کو ختم کرکے شرعی نظام عدل نافذ کرنے کے فیصلے کوفیصلہ خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ دین اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے،ہمیں زندگی کے ہر پہلومیں قرآن وحدیث سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے،وفاقی حکومت کو اپنے اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا مگر بدقسمتی سے 68برس گزرجانے کے باوجود ملک میں انگریزوں کا قانون رائج ہے۔صرف فاٹا میں ہی نہیں پورے ملک میں شرعی نظام کو لاگوکرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آج ہم دین اسلام سے دوری کے باعث دنیا میں ذلیل وخوارہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے اصل مقصد کو بھلاکر کبھی کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔

کفارچاروں اطراف سے حملہ آورہیں۔ان کی سازش کامقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اسلامی تعلیمات پر عمل پیراہوکر اتحاد ویکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔اﷲ اور اس کے رسولؐ کی ناراضگی کومول لے کر نہ دنیا میں کامیابی مل سکتی ہے اور نہ ہی آخرت میں سرخروہوسکتے ہیں۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ اسلام محبت بھائی چارے اورحدود سے تجاوز نہ کرنے کا درس دیتاہے۔

ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دین اسلام کو بدنام کرناانتہائی قابل مذمت اور دشمنوں کا ایجنڈا ہے جوکہ ہر صورت میں ناکام بنانا ہوگا۔ہمیں اپنی زندگی کے ہر معاملے میں قرآن وسنت سے رجوع کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ دشمن قوتوں کو مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی طاقت سے شدید خطرہ لاحق ہے۔اس لیے وہ امت مسلمہ میں انتشار اور خلفشار پیداکرنا چاہتی ہیں۔پاکستان میں شریعت کے نفاذ کو یقینی بناکر ہم اسے دنیا میں رول ماڈل بناسکتے ہیں۔امریکی ادارے’’پیوریسرچ سینٹر‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلام امریکہ میں تیزی سے پھیلتا ہوامذہب ہے جوآئندہ3عشروں میں امریکہ کادوسرابڑامذہب بن جائے گا۔