وزیر داخلہ نے ایس پی سٹی رضوان گوندل کو عہدے سے ہٹا دیا

پیر 27 جون 2016 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) وزیر داخلہ نے ایس پی سٹی رضوان گوندل کو عہدے سے ہٹا دیا۔ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک شہری نے وزیر کو اطلاع بھجوائی کہ رضوان گوندل نے ایک فائیو سٹار ہوٹل کی لابی میں ہنگامہ کیا اور ہوٹل انتظامیہ کی تذلیل کی۔ مذکورہ پولیس افسر نے معمولی بات پر ہوٹل منیجر کوگرفتار کیا اور اسے کافی دیرغیر قانونی حراست میں رکھا۔

(جاری ہے)

ابتدائی انکوائری میں الزام درست ثابت ہونے پر وزیر داخلہ نے مذکورہ ایس پی کیخلاف باقاعدہ انکوائری کرنے اور اسے فوری طور پراسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کے احکامات صادر کر دیئے۔وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مذکورہ افسر اسلام آباد پولیس کے تشخص کو ذک پہنچانے کے مرتکب ہوئے ہیں ایسے افسران کی اسلام آباد پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے، وفاقی وزیر داخلہ نے سپیشل برانچ کے متعلقہ اہلکار کو بھی واقعے کی رپورٹ نہ دینے پرمعطل کر دیا ہے۔