سری لنکا کی حکومت نے مہاتما بدھا کے تبرکات’ وساکھ میلہ‘ تقریبات کے اختتام پر لوٹادئیے

وزیرداخلہ وثقافتی امور ایس بی نوینا کی قیادت میں اعلی سطحی وفد نے تبرکات مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کے حوالے کئے

پیر 27 جون 2016 16:48

اسلام آباد ۔ 27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون۔2016ء) سری لنکا کی حکومت نے بدھ مت کے روحانی پیشوا’ مہاتما بدھا‘ کے تبرکات ’وساکھ میلہ‘ میں ایک ماہ نمائش کے بعد حکومت پاکستان کو لوٹا دیئے ہیں۔ سری لنکا کے وزیر داخلہ و ثقافتی امور ایس بی نوینا نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پیر کو یہ تبرکات وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کے حوالے کئے اور انہیں سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کے نام خصوصی پیغام بھی پہنچایا جس میں انہوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بُدھا کے یوم ولادت کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات میں پاکستان سے بھجوائے گئے ان تبرکات کی لاکھوں افراد نے زیارت کی۔

(جاری ہے)

ہم سب خیر سگالی اور دوستی کے اس مظاہرہ پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے حکومت پاکستان کی جانب سے سری لنکا کی حکومت اور عوام کے خیرسگالی اور نیک خواہشات کے پیغام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے احترام میں یقین رکھتا ہے۔ تمام مذاہب کے ماننے والوں کی پاکستان میں قابل احترام اشیاء اور مقامات کی دیکھ بھال کے حوالہ سے حکومت اپنی ذمہ داریوں کو بہترین انداز سے نبھا رہی ہے اور مختلف زائرین کوتمام ممکنہ سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا سے بدھ زائرین کی ہر سال پاکستان آمد ایک اچھا آغاز ہے۔ ہم سری لنکا سمیت پوری دنیا سے بدھ مت کے پیروکاروں کی پاکستان آمد اورزیارات کے لئے انتظامات کر رہے ہیں۔ عرفان صدیقی نے انکشاف کیا کہ حکومت اگلے سال بدھ مت کے پیروکاروں کے لئے سات روزہ وساکھ میلہ منعقد کر رہی ہے جس میں دنیا بھر کے پندرہ کے لگ بھگ ممالک کی نمائندگی ہو گی۔

توقع ہے کہ ایسے اقدامات سے لوگوں کی ایک دوسرے سے قربت اور دوستانہ تعلقات میں اضافہ ہو گا۔ سری لنکا کے وزیر ایس بی نوینا نے کہا کہ 19 مئی سے 26 جون تک سری لنکا میں منعقدہ ’وساکھ میلہ ‘کے دوران ان تبرکات کی لاکھوں افراد کو زیارت کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ دوستی اور دیگر مذاہب کے احترام کے لئے وزیراعظم پاکستان، حکومت پاکستان اور قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن اور اس کی قیادت کے جذبہ کو سراہتے ہیں کہ انہوں نے ہمیں یہ موقع فراہم کیا۔

وفد میں سری لنکا کی مذہبی شخصیت پروفیسر کولوپتیا مہندا سنگھر یکتیا تھیرو کے علاوہ مس نوینا اور کے پی دیارتنے شامل تھے جبکہ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ محسن ایس حقانی، جائنٹ سیکرٹری مشہود احمد مرزا اور ڈویژن کے دیگرحکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ سری لنکا کی مذہبی شخصیت پروفیسر کولوپتیا مہندا سنگھر یکتیاتھیرو نے کہا کہ ان تبرکات کی زیارت کرنے والوں نے اپنی عبادات میں پاکستان کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ ان تبرکات کا سری لنکا میں شدت سے انتظار تھا جن سے لاکھوں افراد کی گہری مذہبی وابستگی ہے۔بعدازاں ان تبرکات کو ٹیکسلا میوزیم بھجوا دیا گیا۔