ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز کو 10کروڑ روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس

پیر 27 جون 2016 16:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) انچارج رمضان بازار گلبرگ غلام سرور نے ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز کو 10کروڑ روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا۔لیگل نوٹس کے متن میں درج ہے کہ عائشہ ممتاز نے دخل اندازی کرتے ہوئے دکاندار کو چھڑانے کی کوشش کی اور کارروائی کا کریڈٹ خود لینے کیلئے ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مدعی غلام سرور نے مزید بیان کیا کہ عائشہ ممتاز نے ان سے بد تمیزی بھی کی لہٰذا غلام سرور نے ان سے 10کروڑ روپے ہرجانے کے ساتھ ہی معافی کا مطالبہ بھی کر ڈالا۔یاد رہے کہ کچھ دن قبل محکمہ لائیو سٹاک، عائشہ ممتاز اور انچارج رمضان بازار غلام سرور کے مابین پانی ملا گوشت پکڑنے کا کریڈٹ لینے پر تنازع ہوگیا تھا۔ محکمہ لائیو سٹاک کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہم نے انسپکشن کرتے ہوئے پانی ملا گوشت پکڑا جبکہ رمضان بازار کے انچارج غلام سرور کا کہنا تھا کہ دکاندار پانی ملا گوشت لایا جو ہم نے پکڑا ہے۔