پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 جون 2016 14:16

پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 جون 2016ء) : پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں ریفرنس پارٹی رہنما سردار لطیف کھوسہ نے دائر کیا۔ سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے الیکشن کمیشن کے فارم میں اپنے اثاثوں اور جائیداد سے متعلق واضح طور پر آگاہ نہیں کیا جس پر وزیر اعظم نواز شریف قانون کی خلاف ورزی پر نا اہل ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے محض نواز شریف کو ہی نہیں بلکہ اپنے آپ کو بھی احتساب کے لیے پیش کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہم نے وزیراعظم نواز شریف کے 1985ء سے آج تک کے گوشوارے نکالے ہیں جن کا احتساب ہونا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 3 اپریل سے اب تک وزیراعظم نواز شریف کو شفاف تحقیقات کا موقع دیا۔

(جاری ہے)

،لطیف کھوسہ نے کہا کہ پانامہ لیکس کے ٹی او آرز کے لیے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی میں حکومت نواز شریف کا احتساب نہ کرنے پر بضد ہے۔ لیکن چونکہ الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ کوئی غلط ،بددیانت شخص پارلیمان کا حصہ نہ بنے لہٰذا وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف کارروائی ہونی چاہئیے ، انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے میں وزرا کے بیانات میں تضاد پایا گیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم غیر قانونی یا کسی غیرآئینی عمل کا ساتھ نہیں دیں گے پاناما لیکس میں رحمان ملک کا نام ہے تو ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے ،میثاق جمہوریت اس بات پر نہیں تھی کہ کرپشن کرو تو ہم ساتھ دیں گے ۔