پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی فوری واپسی کا اعلان کرکے کاروباری برادری میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ کیا جائے‘ شیخ محمد ارشد

ہفتہ 25 جون 2016 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جون ۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے ایک مرتبہ پھر پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی فوری واپسی کا اعلان کرکے کاروباری برادری میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروباری برادری پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی متحمل نہیں ہوسکتی ، یہ ایک دوہرا ٹیکس ہے جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہورہی ہیں۔

پنجاب انفراسٹرکچر سیس ایک امتیازی ٹیکس ہے جس کی وجہ سے تاجروں میں پیدا ہونے والی بے چینی دور کرنے کے لیے اس کے خاتمے کا نوٹیفیکیشن فوری طور پر جاری کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر یہ سیس فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو کاروباری ماحول پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہونگے، تاجر پہلے ہی ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات ، بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس ، بلاجواز نوٹسز، چھاپوں اور مارکیٹوں کے باہر اینٹی سمگلنگ عملے کے خود ساختہ ناکوں کی وجہ سے پریشان ہیں جبکہ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس جلتی پر تیل کا کام کررہاہے۔

شیخ محمد ارشد نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر مزید بوجھ اٹھانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اس سلسلے میں فوری فیصلہ نہ کیا تو تجارتی مال کی کلیئرنس دوسرے صوبوں کو منتقل ہوجائے گی ، تجارتی مال وہیں سے ملک کے دیگر حصوں کو روانہ کردیا جائے گا جس سے پنجاب کو بھاری معاشی نقصان ہوگا، نہ صرف صرف کلیئرنگ ایجنٹس ،ٹرانسپورٹیشن کمپنیاں اور اْن کے ہزاروں ملازمین بْری طرح متاثر ہونگے بلکہ پنجاب کو ملنے والا ریونیو دیگر صوبوں میں منتقل ہوجائے گا۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ایک بالواسطہ ٹیکس ہے جو پنجاب میں آنے جانے والی تجارتی اشیاء بشمول خام مال پر عائد کیا گیا ہے جس کا نتیجہ معاشی نشوونما کو بھاری نقصان کی صورت میں برآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جب نامساعد حالات کے باوجود تاجر ملک کی ترقی کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ان پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ لادنے کے بجائے سہولیات دینے کی ضرورت ہے۔شیخ محمد ارشد نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی واپسی کا نوٹیفیکیشن فوری طور پر جاری کرنے کے احکامات صادر کریں۔

متعلقہ عنوان :