عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے آگے آئے، نعیم خان

ہفتہ 25 جون 2016 14:36

جنیوا ۔ 25جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جون۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد اور شاطرانہ اقدام کا نوٹس لیتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے آگے آئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے 23ویں اجلاس کے موقع پر ایک سیمینار سے سرینگر سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے محض فوجی طاقت کے بل پر جموں کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ بھارت اب متنازعہ خطے میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وہ کشمیری مسلمانوں کو اْپنی ہی سرمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے تاکہ اگر کبھی علاقے میں رائے شماری ہو تو فیصلہ اسکے حق میں آجائے۔

(جاری ہے)

نعیم احمد خان نے کہا کہ 1927میں بنائے گئے سٹیٹ سبجیکٹ قانون کے تحت کوئی بھی غیر کشمیری مقبوضہ خطے میں زمین یا کسی قسم کی بھی جائیدار خرید نہیں سکتا لیکن بھارت اس قانون کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔

نعیم احمد خان نے کہا کہ کشمیر کے آزادی پسند عوام کو بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں کا سامنا ہے کیونکہ بھارتی فورسز کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورزایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے تحت نہتے کشمیر کے قتل کی کھلی چھٹی حاصل ہے۔