بین الاقوامی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ

ہفتہ 25 جون 2016 12:49

نیویارک ۔ 25 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جون۔2016ء) یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کے فیصلے کے بعد بین الاقوامی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے اور 2008ء کے بعد پہلی مرتبہ سونے کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق لندن میں سپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں تقریباً8 فیصد کا اضافہ ہوا اور ستمبر 2008ء کے بعد پہلی مرتبہ کسی ایک دن میں سونے کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

سونے کے مستقبل کے معاہدے 1358.20 پاؤنڈ فی اونس میں طے پائے۔ نیویارک میں سپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں 0.3 فیصد کااضافہ دیکھنے میں آیا اور مستقبل کے معاہدے 1258.96 ڈالر فی اونس میں طے پائے۔ منیلا اور بنگلور میں بھی سپاٹ گولڈ کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا اور قیمتوں میں مجموعی طور پر 5.1 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سپاٹ گولڈ کی مستقبل کی خریداری کے معاہدے 1319.60 ڈالر فی اونس میں طے پائے۔ اگست کیلئے یو ایس گولڈ کی قیمتوں میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا اور مستقبل میں خریداری کے معاہدے 1322.80 ڈالر فی اونس میں طے پائے۔