صدر ممنون حسین شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کیلئے تاشقند پہنچ گئے،ازبک وزیر اعظم شوکت مرزالووعبدالعزیز کمالوف اور دیگر کی جانب سے پرتپاک استقبال

صدر کی ثمرقند میں امام بخاری اور امیر تیمور کے مزاروں پر حاضری ، ریگستان اسکوائر کابھی دورہ ،تاریخی عمارت میں دلچسپی

بدھ 22 جون 2016 22:03

تاشقند/ثمرقند(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے لیے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچ گئے۔ تاشقند پہنچنے پر ازبک وزیر اعظم شوکت مرزالوو، عبدالعزیز کمالوف وزیر خارجہ اور خداتوف ڈیورن وزیر برائے نجکاری نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ صدر مملکت کے ہمراہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز ،سیکریٹری خارجہ اور دیگر اعلی حکام بھی شامل ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کو تنظیم کی مستقل رکنیت کی منظوری دی جائے گی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس (کل ) جمعہ کوتاشقند میں شروع ہو گا۔اس سے قبل صدر مملکت ممنون حسین نے ثمر قند کے قریب احادیث نبوی ؐ کے مستند ترین مجموعے بخاری شریف کے مدون حضرت امام محمد بن اسماعیل البخاری المعروف امام بخاری کے مزارپر حاضری دی صدر مملکت نے اس موقع پر امام بخاری کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام بخاری نے تدوینِ احادیث رسول کریمؐ کے ذریعے دین محفوظ ہو گیا جس کے لیے مسلمان قیامت تک ان کے شکر گزار رہیں گے اور ان کا یہ کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس موقع پر عالمی امن و استحکام اورپاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ صدر مملکت نے امام بخاری میوزیم کے لیے قرآن مجید کا تحفہ بھی دیا۔صدر مملکت نے خاندان تیموریہ کے جد ِ امجد امیر تیمورکے مزار کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ ان کا نام تاریخ کے بڑے فاتحین میں شامل ہے۔ صدر مملکت نے ریگستان اسکوائر کا بھی دورہ کیا اس کیفن تعمیر میں گہری دلچسپی لی اور اس کی شاندار دیکھ بھا ل پر ازبک حکومت کے انتظامات کی تعریف کی۔اس سے قبل صدر مملکت ثمر قند پہنچے تو سمر قند کے حاکم(گورنر) بارنوئے اوکتم ایزاوچ اور ڈیوران خِدایاطوف، چیئرمیں پرائیویٹائزیشن نے صدر مملکت کا خیر مقدم کیا۔

متعلقہ عنوان :