داعش جیسے غیر ریاستی کرداروں کے ہاتھ لگنے سے روکنے کیلئے سلامتی کونسل کی قرار دار نمبر 1540پر نظرثانی کی جائے ٗمسعود خان

جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے ان نئے خطرات کو مد نظر رکھنے کی ضرورت ہے ٗ خطاب

بدھ 22 جون 2016 21:37

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء) پاکستانی تھینک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آبادکے ڈائریکٹر جنرل مسعود خان نے کہاہے کہ داعش جیسے غیر ریاستی کرداروں کے ہاتھ لگنے سے روکنے کیلئے سلامتی کونسل کی قرار دار نمبر 1540پر نظرثانی کی جائے۔ مسعود خان جو ماضی میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب بھی رہ چکے ہیں نے عالمی ادارہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں رسمی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے ان نئے خطرات کو مد نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو دنیا کے مختلف حصوں میں سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس بات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جانی چاہیے کہ مواد یا کیمیائی ہتھیار داعش کے ہاتھ لگ جائیں اس حوالے سے غیر ریاستی عناصر کی طرف سے خطرات میں اضافہ ہو رہاہے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے درمیان روابط بڑھ رہے ہیں اور اس بات کے شواہد تسلسل سے سامنے آرہے ہیں کہ دہشت گرد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی نے ڈرونز اور تھری ڈی ٹیکنالوجی تک رسائی آسان بنادی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر جوہری اور ایٹمی دہشت گردی کے خطرات کا اندازہ لگانے کیلئے ایک رپورٹ کی تیاری کی تجویز بھی پیش کی ۔ انہوں نے کہاکہ جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالہ سے مختلف اداروں کے اقدامات کو مربوط کرے کی غرض سے سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 1540پرنظر ثانی کی ضرورت ہے اور اس حوالہ سے جوہری صنعت ، سول سوسائٹی اور تعلیمی ماہرین کا کردار بھی اہم ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان 2004ء سے جامع ایکسپورٹ کنٹرول رجیم پر عمل پیرا ہے، پاکستان کے اقدامات نیوکلیئر سپلائر گروپ کے معیار کے مطابق ہیں اور انہیں جوہری صنعت ، سول سوسائٹی اور ماہرین کی مکمل حمائت و تعاون حاصل ہے، پاکستان نیوکلیئر سپلائیر گروپ کی رکنیت کامکمل طور پر اہل ہے۔

متعلقہ عنوان :