سپریم کورٹ کے باہر پانی کھڑا ہونے سے سائلین اور راہ گیروں کو مشکلات کا سامنا

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 22 جون 2016 20:23

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 22جون۔2016ء ) لاہور میں ہونے والی بارش کے نتیجے میں سپریم کورٹ کے باہرکئی فٹ پانی کھڑا ہونے سے سائلین اور راہ گیروں کو مشکلات کا سامنا،،سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کے باوجود عدالت عظمی لاہور رجسٹری کے باہر نکاس آب کے انتظامات کاغذی کاروائی ثابت ہو گئے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والی تیز بارش اور بوندا باندی کے نتیجے میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔

بارش کا پانی کھڑا ہوتے ہی جی پی او چوک سے جین مندر جانے والی عام ٹریفک شدید متاثر ہوئی جبکہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جانے والے وکلاء ،،سائلین اور عدالتی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بارش ختم ہونے کے کئی گھنٹوں بعد بھی واسا حکام کی جانب سے پانی نہ نکالا جا سکا جس کی وجہ سے سپریم کورٹ کے سامنے سے گزرنے والی سڑک کئی گھنٹے تک بند رہی۔

(جاری ہے)

تین سال قبل چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر بارشوں کا پانی کھڑا ہونے کا از خود نوٹس لے کر واسا حکام کو نکاس آب بہتر بنانے کے احکامات صادر کر رکھے تھے۔حالیہ بارش کے نتیجے میں سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کے باوجود واسا حکام کی جانب سے عدالت میں کی جانے والی یقین دہانیاں کاغذی کاروائی ہی ثابت ہوئیں۔

متعلقہ عنوان :