جے یوآئی کی سیاست دیگر جماعتوں سے منفرد و ممتاز حیثیت کا حامل ہے ،میر یونس عزیز زہری

بدھ 22 جون 2016 16:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء )جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی کونسل کے رکن میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ جے یوآئی کی سیاست دیگر جماعتوں سے منفرد و ممتاز حیثیت کا حامل ہے ۔ ہماری سیاست ہمیشہ دیانت اور کردار سے پیوستہ رہاہے ملکی تاریخ پرنظریں مرکوز کریں تو آئین کی تشکیل سے لیکر آج تک سیاست کے افق پر جے یوآئی نمایاں اور واضح نظر آتی ہے جس کا نہ صرف اپنے بلکہ پرایا بھی معترف ہیں۔

جے یوآئی اگلے سال سو سالہ یوم تاسیس منارہی ہے ۔ یہ اجتماع عالم اسلام کی تاریخ کامنفرد اجتماع ہوگا جس کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جے یوآئی کے رہنماء و قبائلی شخصیت میر محمد یونس عزیز زہری نے کہاکہ جب بھی مشکل مرحلہ درپیش آیا تو اس میں کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لئے جے یوآئی سامنے آئی ہے ۔

(جاری ہے)

آج جب کسی ملکی مسئلے یا معاملے پر جے یوآئی اپنا موقف یاپالیسی مرتب کرکے اسے ترجیحات میں لیکر آتی ہے تو ہماری جماعت اس مسئلہ کے حل کی کامیابی تک جاکر ہی عافیت محسوس کرتی ہے ۔ وفاقی سطح پر موجودہ اپوزیشن بھی ہمارے سامنے ہے جنہیں ابھی تک قیادت میسر نہیں آرہی ہے۔ اور ان کی سیاسی فہم و صلاحیتوں کا حال یہ ہے کہ آج تک وہ کسی مسئلے کے حل کے لئے نہ مل کر بیٹھنے میں کامیاب ہوئے اور نہ ہی وہ کوئی سوچ و ذہن قائم کرسکے ہیں۔

محض اخباری بیانات کے ذریعے اپنی سیاست کو سہارا دے رہی ہیں۔ یہ صلاحیتیں اللہ تعالیٰ نے جے یوآئی کے اکابرین و قیادت کو عطاء کیا ہے ۔ جب بھی ملکی معاملے کو ترجیحات میں شامل کرتے ہیں تو اسے اپنے کردار و افعال سے پوراکرکے ہی کامیابی کا جھنڈا گاڑ دیتے ہیں ۔ اس کی واضح مثال مفتی محمود رحمہ اللہ کے دور سے لیکر آج تک سب کے سامنے ہے بلکہ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جے یوآئی کی دینی علمی سیاسی فقہی تصنیفی خدمات کے سلسلے میں اگلے سال پشاور میں ملکی تاریخ کا تین روزہ بہت بڑا تاسیسی اجتماع منعقد ہورہاہے ۔ جس کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ کارکن اس اجتماع کی تیاریوں کو جھالاوان کی سطح پر تیز کردیں ۔