ایشیائی و یورپی ممالک بیلٹ اینڈروڈ منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے تعاون کریں

منصوبہ ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے ، چینی رہنماء کا سلک روڈ انٹر نیشنل فور م سے خطاب

بدھ 22 جون 2016 15:57

وارسا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون ۔2016ء ) چین نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ساتھ منسلک ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے بھرپور تعاون کریں ، چینی صدر نے اس منصوبے کی تجویز 2013ء میں پیش کی تھی جس کا مقصد چین کوزمینی راستے سے مرکزی اور مغربی ایشیاء کے ذریعے یورپ سے ملانا تھا جبکہ اس اکیسویں صدی کی بحری شاہراہ ریشم کے ذریعے چین کو دوسرے ایشیائی افریقی اور یورپی ملکوں سے بحری راستوں کے ذریعے ملانا تھا ، یہ ایک ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد ان ملکوں کے درمیان رابطے قائم کرنا ہے۔

یہ بات چینی کابینہ کی سٹیٹ کونسل کے ترقیاتی تحقیقاتی مرکز کے صدر لی ووئی نے کہی ہے ، وہ یہاں سلک روڈ انٹر نیشنل فورم 2016ء کی دوروزہ افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ فورم سلک روڈ منصوبے کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے منصوبے میں حصہ لینے والے ملکوں کے درمیان دوستی کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولینڈ کے نائب وزیر نے بھی خطاب کیا اورانہوں نے پولینڈ اور چین کے درمیان ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لئے یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پولینڈ مرکزی اور مشرقی یورپ میں چین کا اہم شراکت دار ثابت ہو گا ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں چین سے تعاون کرے گا ۔فورم کے شرکاء نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں سرمایہ کاری ، پائیدار ترقی اور اس کے علاقائی اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔فورم میں 13بین الاقوامی تنظیموں ،33ممالک سے 34تھنک ٹینکس اور 100سرمایہ کاروں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :