سوئیڈن نے سیاسی پناہ کے قوانین مزید سخت کردیئے

بدھ 22 جون 2016 15:16

اسٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون۔2016ء) سوئیڈن نے سیاسی پناہ کے قوانین مزید سخت بنا دیئے،نئے قانون کے مطابق ایسے تارکین وطن کو بھی انتظار کرنا پڑے گا جو سویڈن میں مہاجرین کے طور پر پہلے سے رہائش پذیر اپنے اہل خانہ کے پاس جانا چاہتے ہوں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوئیڈش پارلیمان میں اس نئے قانون کے حق میں 240 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ 45 نے اس کی مخالفت کی۔

یہ قانون بیس جولائی سے نافذ العمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

سوئیڈش پارلیمان میں منظور کیے گئے اس نئے قانون کے تحت سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کے لیے عارضی ریذیڈنس پرمٹ تین برس تک جاری نہیں کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ایسے نئے مہاجرین کی ملک میں آمد بھی کم کر دی جائے گی جو سوئیڈن میں پہلے سے سکونت پذیر اپنے اہل خانہ کے پاس جانا چاہتے ہوں۔اس نئے قانون کا اطلاق ایسے مہاجرین اور تارکین وطن پر ہو گا جو گزشتہ برس چوبیس نومبر کے بعد سوئیڈن پہنچے ہوں یا جنہوں نے اس تاریخ کے بعد اپنی سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرائی ہوں۔