عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف افغانستان کی مدد کرے ، چینی مندوب

بدھ 22 جون 2016 14:11

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جون۔2016ء) عالمی برادری کو قیام امن کے سلسلے میں افغانستان کی مدد کرنی چاہئے تا کہ وہاں امن و امان کی صورتحال پر قابو پایا جا سکے ، حالیہ دنوں میں افغانستان کی صورتحال زیادہ خراب ہو گئی ہے وہاں پر مسلح جھڑپوں میں تیزی آئی ہے جس سے سویلین آبادی کی ہلاکتوں میں اضافہ ہو گیا ہے ، اس لئے اقوام متحدہ کو افغانستان میں امن کے قیام کے لئے اپنی کوششیں تیز کر دینی چاہئیں ، افغانستان اور علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر دہشتگردی ، منشیات او ر سرحدوں کے آر پار جرائم کے خلاف جنگ کو تیز کر دینا چاہئے اور سب کو مشترکہ طورپر افغانستان میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں ۔

ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب لیو جی یی نے افغانستان کی صورتحال پر سیکورٹی کونسل کے ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ افغانستان کے استحکام کے لئے امن و امان کو بہتر بنانا ضروری ہے ، چین افغانستان میں دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افغانستان کی مکمل حمایت کرتا ہے ، چین افغانستان میں امن کے قیام اور افغانستان کی امن و امان قائم کرنے والی فورسز کی اہلیت بڑھانے کے لئے بھی تعاون کے لئے تیار ہے ۔

چینی مندوب نے اس بات کا خاص طورپر ذکر کیا کہ افغانستان کی خوشحالی اور استحکام کے لئے معاشی و سماجی ترقی بہت ضروری ہے ، اس لئے عالمی برادری کو افغانستان کی گرتی ہوئی معاشی صورتحال پرقابو پانے کے لئے اس کی مدد کرنی چاہئے ، اس کی اقتصادی اور جامع سماجی ترقی اور بنیادی ڈھانچے ، تجارت اور سرمایہ کاری کے سلسلے میں علاقائی تعاون کو مضبوط بنانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ چین افغانستان کی سلامتی اور علاقائی تعاون کے لئے بھرپور مدد کرنے کو تیار ہے ، ہم افغانستان کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور ترقی کے لئے تعاون کرنے کو بھی تیار ہیں ، چین افغانستان میں پائیدار امن و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے مکمل طورپر تیار ہے ۔

متعلقہ عنوان :