یمن میں نامعلوم سمت سے فائرکیاگیا بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کردیاگیا

میزائل کوبروقت تباہ کردیاگیا،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،عرب اتحاد کا بیان

بدھ 22 جون 2016 12:30

الریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء) یمن کے وسطی شہر مآرب کی جانب فائر کیا گیا ایک بیلسٹک میزائل ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ اس میزائل کو فائر کیے جانے کے فوری بعد تباہ کردیا گیا ہے اور اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اتحادی فضائیہ نے فوری طور پر میزائل لانچنگ پیڈ کو بھی تباہ کردیا ہے۔

اتحادی فوج نے یہ نہیں بتایا کہ یہ میزائل کس نے فائر کیا تھا۔مآرب پر یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز کا کنٹرول ہے اور یہ دارالحکومت صنعا سے مشرق میں واقع ہے۔کویت میں یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان اپریل سے اقوام متحدہ کی ثالثی میں امن بات چیت کے آغاز کے بعد سے تیسری مرتبہ اس طرح میزائل چھوڑا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کویت میں یمنی فریقوں کے درمیان جاری مذاکرات تیسرے مہینے میں داخل ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک ان میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

یمنی حکومت کا وفد ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں پر متعدد مرتبہ ان مذاکرات کو سبوتاڑ کرنے کا الزام عاید کرچکا ہے۔یمن میں جنگ بندی کے باوجود مختلف علاقوں میں یمنی فورسز اور حوثی ملیشیا کے درمیان لڑائی بھی جاری ہے۔سعودی عرب نے یمن کے ساتھ واقع سرحدی علاقے میں پیٹریاٹ میزائل بیٹریز نصب کررکھی ہیں تاکہ یمن کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائلوں کو فضا ہی میں ناکارہ بنایا جاسکے۔گذشتہ سوا ایک سال کے دوران یمن کے شمالی صوبوں سے سعودی عرب کے جنوبی سرحدی علاقوں کی جانب متعدد میزائل فائل کیے جاچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :