امریکا،داعش سے تعلق ثابت ہونے پر دوافرادمجر م قرار

بدھ 22 جون 2016 12:23

کیلی فورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں دو افراد کو شدت پسند تنظیم داعش کو مادی حمایت فراہم کرنے کی سازش کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت نے نادر الھزایل اور مہند بداوی کو دو ہفتے کی سماعت کے بعد مجرم قرار دیا۔خیال رہے کہ دونوں افراد کو گذشتہ سال اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب الھزایل نے دولتِ اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرنے کے ارادے سے لاس اینجلس سے ترکی جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی کوشش کی تھی۔

بداوی نے الھزایل کے لیے استنبول کے راستے اسرائیل کے لیے ایک طرفہ ٹکٹ خریدا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ کے اٹارنی دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا کہ کیلیفورنیا کے شہریوں نے سوشل میڈیا پر ’ شہیدوں کے طور پر مرنے کی خواہش کا اظہار‘ کیا تھا۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ انھیں بظاہر بداوی کے فیس بک اکاوٴنٹ سے کی جانے والی پوسٹز کے بارے میں معلومات حاصل ہوئی ہیں جن میں انھوں نے دولتِ اسلامیہ میں شمولیت کا ارارہ ظاہر کیا تھا۔

حکام کے مطابق الھزایل کے فیس بک اکاوٴنٹ کی پروفائل پکچر میں دولتِ اسلامیہ کا جھنڈا ہے۔عدالتی دستاویزات کے مطابق الھزایل اور بداوی نے ایک ویڈیو بھی بنائی ہے جس میں انھیں دولتِ اسلامیہ کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی بیعت اور شدت پسند گروپ میں شامل ہونے کے لیے شام کا سفر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔الھزایل کو ان کے ذاتی بینک اکاوٴنٹس میں چوری شدہ چیک جمع کروانے اور پھر اورینج کاوٴنٹی کی مختلف شاخوں میں نقد رقم نکلوانے کے لیے بینک فراڈ کی 26 دفعات کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔پراسیکیوٹرز کے مطابق چوری شدہ نقد رقم سے الھزایل کے شام کے سفر کی مالی مدد کا ارارہ ظاہر کیا گیا تھا۔الھزایل کو 19 جب کہ بداوی کو 26 ستمبر کو سزا سنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :