مئی کے دوران ملکی برآمدات میں10کروڑ ڈالر کی کمی تشویشناک ہے ‘ افتخار بشیر

برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ پورا کرنے کیلئے بجلی گیس کی قیمتیں کم کی جائیں ‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن

منگل 21 جون 2016 18:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جون ۔2016ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے رواں مالی سال2015-16کے گیارویں مہینے مئی کے دوران ملکی برآمدات میں10کروڑ ڈالر کی کمی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں موجودہ مالی سال میں ملکی برآمدات میں 10کروڑ ڈالر کی کمی بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں جس کے باعث اشیاء کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے اور پاکستانی مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث ملکی برآمدات میں مسلسل کمی آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بجلی سری لنکا سے 87فیصد،بھارت بنگلہ دیش سے45فیصد مہنگی جبکہ قدرتی گیس بنگلہ دیش سے 173فیصد اور بھارت سے442فیصد اور امریکہ سے90فیصدمہنگی ہے ۔نیز صنعتی شعبہ پر ٹیکسوں کی بھرمار ہے ایسی صورت میں دیگر ممالک کی نسبت پاکستان صنعتکار و تاجر طبقہ بین الاقوامی مارکیٹ میں دیگر ممالک سے مقابلہ کی پوزیشن سے باہر ہوتا جارہا ہے اس لیے ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے سازگار ماحول کے ساتھ ساتھ بجلی گیس کی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ پاکستان بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکے اور ملکی برآمدات میں اضافہ کرکے حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوسکے۔