قائد اعظم اپیرل پارک میں چینی صنعتی کمپنیوں کی وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے امکانات ہیں ‘ملک طاہر جاوید

منگل 21 جون 2016 16:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) ملکی صنعتوں باالخصوص لاہور شیخوپورہ روڈ پر بننے والے قائداعظم اپیرل پارک میں ایک سے دو لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہونگے جس میں ہنر مند لیبر کی افزائش کیلئے چینی اداروں نے مختلف صنعتی شعبوں میں انہیں عملی تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس پروگرام کے تحت مختلف یونیورسٹیوں کو صنعتی شعبوں کے ساتھ لنک کیا جائے گا تاکہ سکلڈ لیبر کے زریعہ ملکی پیداوار میں اضافہ کیا جائے۔

یہ بات پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے چیئرمین ملک طاہر جاویدنے چین کے دورہ سے واپسی پر بتائی۔ انہوں نے کہا کہ چین میں کم وسائل کے حامل افراد کو تربیتی مواقع فراہم کر کے تجارتی اداروں میں ڈھالنے جبکہ غیر ہنر مند لیبر کو ہنر مند لیبر بنانے کے ایک پروگرام پر کام ہو رہا ہے اس پروگرام کو پاکستان میں بھی متعارف کرایا جائیگا۔

(جاری ہے)

جس کیلئے چینی کمپنیوں کے نمائندے پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اپیرل پارک میں چینی صنعتی کمپنیوں کی وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے امکانات ہیں جس کے پیش نظراپیرل پارک میں ایسے ہنر مندوں کی ضرورت ہوگی جو چینی صنعتی اداروں میں کام کرنے کے کلچر سے واقفیت رکھتے ہوں۔پیڈمک کے چیئرمین نے کہا کہ اپیرل پارک کی تکمیل اور فیکٹریوں کے قیام سے ڈیڑھ سے دو لاکھ افراد کیلئے ملازمتوں اور روزگار کے براہ راست مواقع پیدا ہوں گے جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہنر مند لیبر کی ضرورت ہوگی جس کی تیاری کی ضرورت ہے۔