پولیس و رینجرز مجرموں کے خلاف ڈھیلی پڑتی گرفت کو مضبوط بنائیں ،پاسبان

منگل 21 جون 2016 16:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء) پاسبان کراچی کے میڈیا کوآرڈینیٹر جواد شیرازی اور سینئر رہنما خالد درانی نے کہا ہے کہ صوبائی پولیس و رینجرز مجرموں کے خلاف اپنی ڈھیلی پڑتی ہوئی گرفت کو مضبوط بنائیں اور جرائم پیشہ گروہوں کا مکمل قلع قمع کریں ۔ رمضان المبارک میں کراچی کے تاجروں کو بھتہ کی پرچیاں اور لفافوں گولیاں ملنا، ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتیوں ، موبائل فون ، نقدی چھیننے کے واقعات میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے ۔

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان رہنماؤں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے نتیجے میں کراچی کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا تھا اور یہ امید باندھ لی تھی کہ اب اُن کی جان و مال محفوظ ہوتی جارہی ہے اور روشنیوں کا شہر پھر سے جگمگانے لگا ہے ۔

(جاری ہے)

لیکن رمضان المبارک کے آغاز سے قبل اور اب تک ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا دوبارہ شروع ہونا شہریوں کے لئے باعث تشویش ہے ۔

بھتہ خوروں اور ڈاکوؤں نے پھر سے سر اٹھانا شروع کردیا ہے ۔ پولیس کی موبائلیں جگہ جگہ عوام کی حفاظت کے بجائے ”عیدی “ جمع کرنے میں نظر آتی ہیں جس کی وجہ سے بھتہ خوروں کے حوصلے اتنے بڑھ چکے ہیں کہ انھوں نے گزشتہ روز کھجور مارکیٹ کے تاجر کو بھتہ کی ڈیمانڈ اور ساتھ میں پستول کی گولیاں بھیج کر خوفزدہ کیا ہے ۔ پاسبان رہنماؤں نے کہا کہ شہرمیں درجنوں خفیہ و سادہ لباس اہلکاروں کی نظروں سے چھپ کر بھتہ خوروں کی یہ کاروائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے لئے چیلنج اور لمحہ فکریہ ہے ۔ حکومت اور ادارے اپنی گرفت مضبوط کریں اور شہریوں کو امن و امان کی فضا میں رمضان المبارک کی ساعتیں گزارنے اور کاروبار کرنے دیں۔

متعلقہ عنوان :