ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ادویات کی قیمتوں میں 8 فیصداضافے کی میڈیارپورٹس کی تردید

منگل 21 جون 2016 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے حا ل ہی میں گردش کرنے والی ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے کہ ادویات کی قیمتوں کی 8 فیصد اضافے کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ملک کی تاریخ کی سب سے پہلی ڈرگ پرائسنگ پالیسی جس کا اجراء تمام شراکت داروں کے اتفاق سے 2015 میں کیا گیا کے تحت ادویات کی قیمتوں کے بڑھانے اور کم کرنے کا خود کار نظام متعارت کرایا گیا ہے اور اس سلسلے میں کسی اتھارٹی یا شخص کے پاس کوئی صوابدیدی اختیار نہیں ھے۔

ترجمان نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں تبدیلی کنزیومر پرائس انڈکس سے منسلک کی گئی ہے اور جولائی میں کنزیومر پرائس انڈکس کے ریٹ کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن محکمہ شماریات کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔ ترجمان نے ان معلومات کو من گھڑت قرار دیا جس میں یہ کہا گیا ہے کہ اس سال ادویات کی قیمتوں میں 8 فیصداضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود کار نظام کے تحت CPI ریٹ جو اس وقت 3 فیصد تک متوقع ہے کو سامنے رکھتے ہوئے قیمتیں ڈیڑھ فیصد سے لیکر اڑھائی فیصد تک بڑھ سکتی ہیں۔