تل کی بہتر پیداوار کیلئے بھاری میرا زمین کا انتخاب کیا جا ئے،ما ہرین

منگل 21 جون 2016 15:41

فیصل آباد۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جون ۔2016ء ) زرعی ماہرین نے تل کے کاشتکاروں کو فصل کی کاشت فوری شروع کرکے 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ فصل کی کاشت زیادہ بارش والے علاقوں میں مون سون شروع ہونے تک وٹوں پر کریں اور کاشت کیلئے درمیانی میرا سے بھاری میرا زمین جس میں پانی جذب کرنے اور نمی برقرار رکھنے کی صلاحیت ہو کا انتخاب کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تل کی فصل ایک انتہائی اہم اور نقد آور فصل ہے جس کی کاشت سے متعلقہ کاشتکار بھاری مالی منافع حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تل کی کاشت سے پہلے 2سے 3 مرتبہ ہل چلا کر پہلے زمین کو نرم اور بعد میں سہاگہ دیکر زمین کو اچھی طرح تیار کرلینا چاہئے کیونکہ جب تک زمین اچھی طرح تیار نہیں ہو گی اس وقت تک بیج کا مناسب اگاؤ بھی ممکن نہ ہو گا جس سے مطلوبہ پیداوار کے حصول میں بھی مشکلات کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار تل کی منظور شدہ اقسام ٹی ایچ 6 ، ٹی ایس 5، ٹی ایس 3کاشت کرسکتے ہیں کیونکہ سفید تل کی یہ منظورشدہ اقسام بہترین پیداوار ی صلاحیت کی حامل ہیں۔