جنیرو میں 6 پیرالمپک مقابلوں میں شرکت کرنیوالی آسٹریلین ایتھلیٹ کو بزوراسلحہ لوٹ لیا گیا

منگل 21 جون 2016 15:23

جنیرو میں 6 پیرالمپک مقابلوں میں شرکت کرنیوالی آسٹریلین ایتھلیٹ کو ..

برازیلیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جون ۔2016ء)رواں سال اولمپک کی میزبانی کرنے والے برازیلین شہر ریو دی جنیرو میں 6 پیرالمپک مقابلوں میں شرکت کرنے والی آسٹریلین ایتھلیٹ کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا گیا۔آسٹریلین ایتھلیٹ لیسل ٹیسک نے اتوار کو پیش آنے والے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایک شخص نے اسلحہ دکھا کر انہیں بائی سائیکل سے دھکا دیا اور انہیں لوٹ لیا۔

اس حملے میں آسٹریلین پیرالمپک ٹیم کی فزیو تھراپسٹ سارا روس اپنی بائی سائیکل سے محروم ہو گئیں۔آسٹریلین اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ اس چوری کے بعد ریو دی جنیرو کے حکام کو سیکیورٹی بہتر بنانی چاہیے۔وہیل چیئر باسکٹ بال اور سیلنگ میں میڈلز جیتنے والی ایتھلیٹ لیسل ٹیسک نے اس واقعے کو ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اور مس روس کو لوٹنے والے دونوں افراد رقم کا مطالبہ کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جب ہم نے ان سے کہا کہ ان کے پاس رقم نہیں ہے تو انہوں نے ٹیسک کو کندھے سے دھکا دے کر زمین پر گرا دیا، اس موقع پر اطراف میں بہت لوگ موجود تھے لیکن کوئی بھی ہماری مدد کو نہیں آیا۔اس واقعے کے بعد ایک بعد پھر اولمپک میں ایتھلیٹس اور شائقین کی حفاظت کے حوالے سے سوالات کھڑے ہو گئے ہیں جہاں برازیلین حکام کا اصرار ہے کہ اگست میں ہونے والے اولمپکس اور پیرا لمپکس میں اتھلیٹس اور سیاح بالکل محفوظ رہیں گے جہاں وہ ریو دی جنیرو میں 85ہزار پولیس اور فوجی اہلکاروں کو تعینات کریں گے لیکن حالیہ رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں سے جرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔