ٹورنامنٹس کے زیادہ سے زیادہ انعقاد سے ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر ہو سکتا ہے،کوچ مظہر حسین

منگل 21 جون 2016 14:58

اسلام آباد ۔ 21 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جون۔2016ء) قومی والی بال ٹیم ہیڈ کوچ مظہر حسین نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹس کے زیادہ سے زیادہ انعقاد سے ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر ہو سکتا ہے۔گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تعلیمی ادارے ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں، گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے اور سپورٹس تنظیموں کو گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران فائدہ اٹھاتے ہوئے ضلعی سطح پر کھیلوں کے تربیتی کیمپ لگانے چاہئے جس سے نئے نوجوان کھلاڑی سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیراہتمام ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے 18 کھلاڑیوں کو تربیت دی جارہی ہے، ان کھلاڑیوں میں محمد وسیم، محمد فاروق، عمر چینہ، شانی، محمد فہد، عابد علی، نوبیل شہزاد، عطااللہ، نعیم علی، محمد اویس شاہ، شاہ زیب، اسحاق احمد، شہریار، محمد سلمان، ندیم، ثاقت ، خالد محمود اور محمد بلال شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ مظہر حسین اور اسسٹنٹ کوچز محمد اکرم، محمد اظہر اور خالد وقار جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں۔ ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ 9 سے 17 جولائی تک تائیوان میں کھیلی جائے گی، جس میں سولہ ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔