چیئر مین پی سی بی شہریار خان بورڈ کیلئے آئی سی سی کو خصوصی فنڈ مختص کر نیکی درخواست کرینگے

منگل 21 جون 2016 12:52

چیئر مین پی سی بی شہریار خان بورڈ کیلئے آئی سی سی کو خصوصی فنڈ مختص کر ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جون ۔2016ء)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریارخان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی عدم موجودگی کے باعث پہنچنے والے شدید نقصان کے ازالے کیلئے آئی سی سی کو خصوصی فنڈ مختص کرنے کی درخواست کریں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شہریار خان نے کہاکہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے نہ ہونے سے پی سی بی کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا ‘مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا سلسلہ بند ہوگیا ‘ کوئی بین الاقوامی ٹیم پاکستان کے دورے کیلئے تیار نہیں ‘شہریار خان 27 جون کو اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرگ میں ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویومیں شہر یار خان نے کہا کہ ہم آئی سی سی اور رکن ممالک سے درخواست کریں گے کہ وہ آئی سی کے بین الاقوامی ایونٹ سے حاصل ہونے والی رقم سے ایک چھوٹا حصہ پاکستان کرکٹ کیلئے مخصوص فنڈ کیلئے وقف کردیں۔پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بندش کے بعد پی سی بی اپنی تمام ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں منعقد کروارہا ہے تاہم بورڈ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ان کیلئے موثر سرمایہ کاری نہیں ہورہی ۔

واضح رہے پی سی بی نے بھاری اخراجات سے بچنے کیلئے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کو متحدہ عرب امارات سے سری لنکا منتقل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی تاہم ستمبر اور اکتوبر میں سری لنکا میں مون سون بارشوں کے سیزن کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکاشہریارخان نے کہاکہ جب ہم متحدہ عرب امارات میں ایک سیریز کھیلتے ہیں تو ہمارے اخراجات بہت بڑھ جاتے ہیں اور ہمارے لیے منافع کافی نہیں ہوتا جس کے نتیجے میں ہم سالانہ خسارے میں جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خسارے کے باعث ہمیں ملک میں کھیل کی ترقی اور ریجنل ایسوسی ایشن کیلئے مختص فنڈ ختم ہوجاتا ہے۔پی سی بی چیف نے کہا کہ مالی مسائل کے باعث پاکستان اپنی انڈر 19 اور اے ٹیم کی سیریز کا انتظام کرنے سے قاصر رہا اور یہ کھلاڑیوں کی بہتری میں بھی اثر انداز ہوتا ہے۔شہریار خان نے اعتراف کیا کہ جب تک ملک میں سیکورٹی معاملات بہتر نہیں ہوتے کسی بورڈ کو ان کی ٹیم بھیجنے یا آئی سی سی کو کسی ایونٹ کی میزبانی کے لیے قائل کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے۔

شہر یار خان نے کہاکہ پوری دنیا میں سیکورٹی کی صورت حال بہتر نہیں ہے ‘ پاکستان میں چیزیں بہتر ہورہی ہیں لیکن حتمی طورپر یہ کہنا بہت مشکل ہوگا کہ کب ہم کسی بین الاقوامی ٹیم کی میزبانی کرسکیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم جلد بازی میں ایسا کوئی فیصلہ کرنا نہیں چاہتے جس پر بعد میں پچھتانا پڑے۔