قومی ٹیم کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فتح کو 7سال مکمل ہوگئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 جون 2016 00:05

قومی ٹیم کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فتح کو 7سال مکمل ہوگئے

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 21جون ۔2016ء ) قومی ٹیم کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فتح کو 7سال مکمل ہوگئے ،2009ء میں آج ہی کے دن لارڈز کے تاریخی مقام پر پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا جیتا، یونس خان عمران خان کے بعد قوم کیلئے ورلڈکپ جیتنے والے دوسرے کپتان بنے ۔2009 ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ مجموعی طور پر دوسرا اور انگلینڈ کی میزبانی میں کھیلا جانیوالا پہلا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ تھا جس میں عالمی کرکٹ کی 12 مضبوط ٹیموں نے شرکت کی۔

میگاایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کوشکست دی ، اس میچ میں 17سالہ محمد عامر کے آخری اوور نے نوجوان باؤلر کو راتوں رات سٹار بنا دیا۔ٹورنامنٹ کا فائنل21جون کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان لارڈ کے تاریخی میدان میں کھیلا گیا جہاں عامر نے ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین بلے باز تلکارتنے دلشان کو پہلے ہی اوور میں پوویلین کی راہ دکھائی ۔

(جاری ہے)

سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے سنگاکارا کی نصف سنچری کی بدولت 6 وکٹوں پر138 رنزبنائے ،جواب میں پاکستان نے شاہد آفریدی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت ہدف محض 2 وکٹوں پر19و یں اوور میں پورا کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیااور یوں پاکستان لارڈز کے تاریخی میدان پر یونس خان کی قیادت میں 1992 ء کے 17 سال بعد ایک بار پھر عالمی چیمپئن بنا۔ فائنل میں کامیابی کے بعد یونس خان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی، ایونٹ میں کامران اکمل نے 188رنز کے ساتھ نمایاں ترین پاکستانی بلے باز رہے جب کہ باؤلنگ کے شعبے میں عمر گل 13 وکٹوں کے ساتھ پہلے ، سعید اجمل 12 شکار کر کے دوسرے اور شاہد آفریدی 11 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پررہے ۔