لیسکوفیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں ٹرپنگ، کم وولٹیج اور بجلی کی غیراعلانیہ بندش کے مسائل حل کرے ،شیخ محمد ارشد

پیر 20 جون 2016 16:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جون۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے لیسکوپر زور دیا ہے کہ وہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں ٹرپنگ، کم وولٹیج اور بجلی کی غیراعلانیہ بندش کے مسائل حل کرے کیونکہ ان کی وجہ سے صنعتوں کا پیداواری عمل متاثر ہورہا ہے۔ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم، عدنان خالد بٹ اور ارشد بیگ پر مشتمل وفد نے لاہور چیمبر کو آگاہ کیا کہ فیروز پور روڈ بہت اہم صنعتی علاقہ ہے جہاں ایکسپورٹ سے وابستہ بہت سی صنعتیں بھی واقع ہیں۔

ٹرپنگ، کم وولٹیج اور بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کی وجہ سے پیداواری عمل بْری طرح متاثر ہورہا ہے اور یہی صورتحال رہی تو صنعتکار اپنے برآمدی آرڈرز بروقت پورے نہیں کرپائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایکسیئن کوٹ لکھپت کو متعدد بار یہ مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی گئی لیکن مسئلہ حل نہیں ہوا۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رہنا صرف کاروباری برادری ہی نہیں بلکہ حکومت کے بھی حق میں ہے کیونکہ اسے محاصل اسی صورت میں ملیں گے جب صنعتیں چلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرپنگ، وولٹیج میں کمی اور بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صرف صنعتی پیداوارہی کم نہیں ہوئی بلکہ انڈسٹریل یونٹس کی مشینری کو بھی بھاری نقصان پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی ترقی اسی صورت میں کرے گا جب صنعتیں مستحکم ہونگی لہذا حکومت صنعتی شعبے کو بجلی کی بلارکاوٹ فراہمی یقینی بنائے تاکہ وہ اپنے ایکسپورٹ آرڈرز بروقت پورے کرپائے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات کی صورتحال پہلے ہی تسلی بخش نہیں اورعالمی منڈی میں بھی پاکستانی مصنوعات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لہذا لیسکو زمینی حقائق کا ادراک کرے اور فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں بجلی کے مسائل فی الفور حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے لیے مقررہ مالی اہداف اسی صورت میں ہی حاصل کیے جاسکیں گے جب صنعتیں پوری طاقت کے ساتھ چلیں گی۔