این اے 110 ،سپریم کورٹ کا نادرا کو 26پولنگ اسٹیشنز کی فرانزک رپورٹ اور الیکشن کمیشن گم شدہ ریکارڈ تلاش کرنیکا حکم

پیر 20 جون 2016 16:05

این اے 110 ،سپریم کورٹ کا نادرا کو 26پولنگ اسٹیشنز کی فرانزک رپورٹ اور ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جون ۔2016ء) سپریم کورٹ نے این اے 110کی انتخابی عذرداری کیس میں نادرا کو 26پولنگ اسٹیشنز کی فرانزک رپورٹ پیش کرنے اور الیکشن کمیشن کو دیگر 3پولنگ اسٹیشن کا گم شدہ ریکارڈ تلاش کرنے کا حکم دے دیا،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ میڈیا ٹرائل سے کسی کو استثنیٰ نہیں،میڈیا ٹرائل خواجہ آصف کے عہدے کی وجہ سے ہو رہا ہے، کیس کی سماعت جولائی کے چوتھے ہفتے تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

پیر کو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 3رکنی بینچ نے این اے 110 کے انتخابی عذرداری کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ حلقے کے 26 پولنگ اسٹیشنز کا گم شدہ ریکارڈ موصول ہو چکا ہے جو کہ فزانزک ٹیسٹ کیلئے نادرا کو بھجوا دیا گیا ہے، عدالت نے نادرا کو حکم دیا کہ ان 26 پولنگ اسٹیشنز کی فرانزک رپورٹ پیش کی جائے جبکہ الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ دیگر 3 پولنگ اسٹیشنز کا گمشدہ ریکارڈ بھی تلاش کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ ریکارڈ کی گمشدگی کے حوالے سے الیکشن کمیشن جو انکوائری کر رہا ہے اس کی بھی رپورٹ پیش کی جائے۔ کیس کی سماعت کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میڈیا ٹرائل تو روز کا معمول بن چکا ہے، میڈیا ٹرائل سے کسی کو استثنیٰ نہیں ، میڈیا ٹرائل آپ کے موکل کے عہدے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت جولائی کے چوتھے ہفتے تک کیلئے ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ عام انتخابات 2013ء میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ محمد آصف حلقے سے کامیاب ہوئے تھے، جن کی کامیابی کو تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے چیلنج کر رکھا ہے۔