پانامہ لیکس کا کھیل ختم نہیں شروع ہوا ہے‘چےئرمین سنی اتحاد کونسل

امریکہ ہمارے حکمرانوں کو امدادکے نام پر ڈالر دیکر خرید لیتا ہے،امریکی امداد عوام نہیں حکام پر خرچ ہو تی ہے

اتوار 19 جون 2016 17:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضانے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا کھیل ختم نہیں شروع ہوا ہے، امریکہ ہمارے حکمرانوں کو امدادکے نام پر ڈالر دیکر خرید لیتا ہے،امریکی امداد عوام نہیں حکام پر خرچ ہو تی ہے،ماضی اور حال کے حکمران امریکہ سے 32ارب ڈالر لیکر کھا چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے صوبائی و مرکزی عہدیداروں کے اہم اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی بھارت نوازی سے پاک چین دوستی مزید مستحکم ہو گی۔ پاکستان، چین اور روس کو ملکر نیا علاقائی بلاک بنانا چاہیئے۔داعش نے دنیا بھر کے مسلمانوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔داعش اور القاعدہ کا اسلام ، جہاد اور مسلمانوں سے کو ئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

ان کی تخریبی کاروائیوں سے اسلام دشمنوں کو فائدہ اور اسلام بدنام ہورہا ہے۔امریکہ ، یورپ اور عالمی طاقتیں اسلام دشمن پالیسیاں ختم کریں۔ وفاقی حکومت نے نئے بجٹ میں عوام پر 148ارب روپے کے ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مستقل وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرکے مجرمانہ غفلت کا ثبوت دے رہے ہیں۔ پنجاب میں صحت اور تعلیم کے بجائے اورنج ٹرین کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ناانصافیوں کی وجہ سے مسلم نوجوان انتہا پسندی کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔ پاکستان کو اس وقت متحرک خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے۔پاک افغان سرحدی کشیدگی کا خاتمہ خوش آئند ہے۔