انجمن بہبود مریضاں جنرل ہسپتال نے زکوۃ فنڈسے علاج کیلئے نیافارم متعارف کروا دیا

نئے طریقہ کار سے مخیر حضرات عطیات کے استعمال کی با آسانی جانچ پڑتال کر سکیں گے

اتوار 19 جون 2016 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء ) انجمن بہبود مریضاں لاہور جنرل ہسپتال نے زکوۃ فنڈسے علاج کرانے والے مریضوں کے لئے نیافارم متعارف کروا دیا ہے ۔نئے فارم میں بیماری کی نوعیت سمیت دیگر تمام کوائف درج ہو ں گے ۔ اس اقدام کا مقصد مخیر حضرات کی جانب سے دی گئی زکوۃ کی رقوم کو شفاف انداز میں غریب اور مستحق مریضوں پر خرچ کرنا ہے ۔

اے بی ایم کے رکن یاسر اعجاز نے بتایا کہ زکوۃ کی رقم سے اس وقت ایل جی ایچ میں تقریبا 20 لاکھ روپے کی ماہانہ مفت ادویات مستحق مریضوں کو فراہم کی جا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت افراد کی جانب سے ملنے والے عطیات اور زکوۃ کی ایک ایک پائی مستحقین تک پہنچانا ہماری اخلاقی اور مذہبی ذمہ داری ہے جسے بطریق احسن سرانجام دیا جا رہا ہے ۔انجمن بہبود مریضاں کے عہدیداروں کے مطابق حصول ادویات بذریعہ زکوۃ فنڈ کے نئے طریقہ کار متعارف کرانے سے مریضوں کو ملنے والی مفت طبی سہولیات کا مکمل اور جامع ریکارڈ مرتب کیا جا سکے گا جس کی مخیر حضرات با آسانی جانچ پڑتا ل کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک نیکیوں اور برکتوں کا مہینہ ہے اس ماہ میں مخیر حضرات کو دکھی ، مفلس اور لاچار افراد کے لئے دل کھول کر عطیات دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :