ڈاکٹر عاصم کے بیانات کی وڈیو لیک ہونے کے ذمہ دار چوہدری نثار ہیں، مولا بخش چانڈیو

چوہدری نثار متعدد بار پیپلز پارٹی کو ڈاکٹر عاصم کے بیانات کو منظر عام پر لانے کی دھمکیاں دے چکے ہیں،مشیراطلاعات سندھ

اتوار 19 جون 2016 16:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء) سندھ کے مشیراطلاعات مولابخش چانڈیونے کہاہے کہ ڈاکٹر عاصم کے بیانات کی وڈیو لیک ہونے کے ذمہ دار چوہدری نثار ہیں کیونکہ وہ وزیر داخلہ کے ماتحت اداروں کی تحویل میں ہیں۔ اتوارکوکراچی سے جاری بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ڈاکٹرعاصم کے بیانات کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، ان کا بیان منظرعام پر آنا زیر سماعت مقدمات پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ متعدد مرتبہ پیپلز پارٹی کو ڈاکٹر عاصم کے بیانات کو منظرعام پر لانے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔مشیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ ڈاکٹرعاصم وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ماتحت اداروں کی قید میں ہیں اور ڈاکٹرعاصم کے ویڈیو بیانات کا منظر عام پر آنے کی ذمہ داری بھی وفاقی وزیر پر ہی عائد ہوتی ہے اور یہ ان کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وڈیو کے منظر عام پر آنے کی تحقیقات کروا کروہ اپنی نااہلی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے رینجرز کی تحویل کے دوران ڈاکٹر عاصم کی 2 جب کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے سیکیورٹی انچارج منہاج قاضی کی ایک وڈیو منظر عام پر آچکی ہیں۔