9ماہ میں غیر ملکی قرضوں میں 900ارب اضافہ تشویشناک ہے‘ بلال شیرازی

بڑھتے ہوئے حکومتی قرضے ملک میں ہوشربا مہنگائی کا باعث ہیں، صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ

اتوار 19 جون 2016 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان پر غیر ملکی قرضوں کے بوجھ میں8.659ارب ڈالر اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔مسلم لیگ ہاؤس میں یوتھ ونگ کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قرضے ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہیں کیونکہ آئی ایم ایف جیسے اداروں سے قرضے ان کی شرائط پر حاصل کیے جارہے ہیں جن کو پورا کرنے کیلئے عوام پر ہر سال اربوں روپے کے ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا جاتا ہے ،اس لیے بڑھتے ہوئے حکومتی قرضے ملک میں ہوشربا مہنگائی کا باعث بن رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے برسر اقتدار آتے ہی کشکول توڑنے اور غیر ملکی امداد قبول نہ کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے لیکن اقتدار میں آتے ہیں قرض لینے کے ریکارڈ توڑ دیئے اور اب تو صورتحال یہ ہے پاکستان میں ہونے والا ہر بچہ بھی لاکھوں روپے کا مقروض پیدا ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے9ماہ میں جو غیر ملکی قرضے حاصل کیلئے وہ موجودہ حکومت کے دور میں بڑھنے والے غیر ملکی قرضوں کا51فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ذمہ مجموعی قرضوں کا حجم 69.558ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو پاکستان جیسی ایٹمی قوت کیلئے الارمنگ صورتحال ہے۔

متعلقہ عنوان :