سرکاری ہسپتالوں ،تعلیمی اداروں کی نجکاری کرکے حکومتیں چلانا عوام سے سنگین مذاق ہے ‘ ڈاکٹر نوشین حامد

جب تک حکمران خود ٹیکس نہیں دیں گے گاڑیاں تقسیم کرنے سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں ہوگا ‘ رکن پنجاب اسمبلی

اتوار 19 جون 2016 15:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کرکے حکومتیں چلانا عوام سے سنگین مذاق ہے ،صحت اورتعلیم کی سہولتیں ختم کرکے ان شعبوں کو فروخت کردینا انسانی حقوق کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کے لئے پیسے نہیں وہ مہنگی تعلیم کہاں سے حاصل کریں گے،اسی طرح نجی ہسپتا لوں سے یہ غریب کس طرح علاج کرائیں گے ۔

مسلم لیگ (ن) سات سالوں میں ٹیکس کے اہداف حاصل نہیں کرسکی ،جب حکمران خود ٹیکس نہ دیں تو عوام ٹیکس کیوں دیں گے ، پی ٹی آئی کی کرپشن کے خلاف تحریک مقبول ہوگئی ہے اور اب ہر صوبہ سے کرپشن کے خلاف آواز بلند ہورہی ہے ،کرپٹ اور ٹیکس چوروں کو یہاں حکمران نہیں کرنے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ جب تک حکمران ٹیکس نہیں دیں گے پنجاب میں ٹیکس کلچر فروغ نہیں پا سکے گا ،گاڑیاں تقسیم کرنے سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ نہیں ہوگا ،حکمرانوں کو خود ٹیکس دینا ہو گا۔