سابق چیئرمین فشریزنثارمورائی کے جے آئی ٹی کے روبروسنسنی خیز انکشافات

اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین سجاد حسین کے قتل کا منصوبہ کیفے کلفٹن میں بنا، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین سے سینٹرل جیل میں ملاقات کی۔ دو سے تین مرتبہ 20 سے 25 لاکھ روپے اور گولیوں سمیت 6 سے 7 کلاشنکوفیں بھی دیں،نثارمورائی

اتوار 19 جون 2016 15:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جون ۔2016ء) سابق چیئرمین فشریزنثارمورائی نے جے آئی ٹی کے روبروسنسنی خیز انکشافات کر دئیے۔ نثار مورائی نے اعتراف کیا ہے کہ اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین سجاد حسین کے قتل کا منصوبہ کیفے کلفٹن میں بنا۔ جے آئی ٹی میں بلیک قرار دیئے گئے ملزم نے سابق وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا اور چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کے تعلقات سے بھی پردہ اٹھا دیا۔

سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا بتایا کہ ذوالفقار مرزا سے18سال دوستی رہی۔ اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین سجاد حسین کی ریکی اس نے اور ذوالفقار مرزا نے کی، قتل کا منصوبہ کیفے کلفٹن میں بنایا گیا۔ آصف زرداری سے کبھی نہیں ملا البتہ فریال تالپور سے کئی بار ملاقاتیں ہوئیں۔

(جاری ہے)

نثار مورائی کے مطابق وہ 14 مہینے فشریز کا چیئرمین رہا۔

دفتری اخراجات کے لیے 14 کروڑ روپے وصول کیے۔ نیشنل ہائی وے کی چنگی سے ماہانہ 30 سے 40 لاکھ روپے وصول کرتا رہا جبکہ فشریز سے تگڑی رقم ایک اہم شخصیت کا فرنٹ مین وصول کرتا تھا۔نثار مورائی نے بتایا کہ فشریز میں 200سے زائد گھوسٹ ملازم بھرتی کیے جن کا پیسہ عزیر بلوچ کو جاتا تھا، اسے اسلحہ بھی فراہم کیا۔ ملزم نے ذوالفقار مرزا اور آفاق احمد کے درمیان رابطوں سے متعلق بتایا کہ سابق وزیر داخلہ نے 2010 میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین سے سینٹرل جیل میں ملاقات کی۔

دو سے تین مرتبہ 20 سے 25 لاکھ روپے اور گولیوں سمیت 6 سے 7 کلاشنکوفیں بھی دیں۔ 2011 میں ضلع بدین کے کوٹے سے آفاق احمد کو اسلحے کے 20 لائسنس دیئے گئے۔نثار مورائی نے 31 کروڑ روپے مالیت کے بنگلے اور جائیدادیں بنائیں۔ کروڑوں روپے کی آٹھ گاڑیاں اس کے زیراستعمال رہیں۔ ملزم کا ایک بنگلہ ڈیفنس کراچی اورایک پرتعیش فلیٹ کریک وسٹا اپارٹمنٹ میں ہے۔ اس کے ساتھ اس کا ایک بنگلہ اور چار پلاٹ حیدرآباد راجپوتانہ اسپتال کے قریب جبکہ دو پلاٹ ڈیفنس فیز ٹو حیدرآباد میں ہیں۔ نثار مورائی کے مطابق اس نے دو شادیاں کیں، دوسری شادی کا پہلی بیوی کو علم نہیں۔ جے آئی ٹی نے نثار احمد مورائی کوخطرناک یعنی “بلیک” قرار دیا ہے

متعلقہ عنوان :