سی پیک منصوبہ تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا ، برجیس طاہر

منصوبے سے گلگت بلتستان کے عوام کی زندگی میں انقلاب آجائے گا ،فد ا محمد ناشاد

اتوار 19 جون 2016 14:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جون ۔2016ء) وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ چین پاکستان راہداری منصوبے سے گلگت بلتستان میں سیاحت کو ترقی حاصل ہو گی چین پاکستان اقتصادی راہداری مکمل ہونے کے بعد جب لوگوں کی رسائی آسان ہو جائے گی تو یہاں کی سیاحت کو زبردست فائدہ حاصل ہو گا، چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا جس سے اس خطے میں سیاحت کو زبردست فروغ حاصل ہو گا اور عوام کے طرز زندگی میں انقلاب آ جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائے وے پر سفر کو محفوظ بنانے کے لئے پاک آرمی کے مسلح دستے تعینات کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، وفد کی قیادت سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی فد امحمد ناشاد کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق گلگت بلتستان ایک لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ تازہ خوبانی پیداکرتا ہے ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر فدا محمد ناشاد نے کہا کہ گلگت بلتستان کا 73ہزار مربع کلومیٹر علاقہ قدرتی مناظر اور اپنے حسین پہاڑی سلسلوں کے باعث سیاحوں کے لئے بڑا پرکشش ہے بلکہ اس سے پہاڑی جنت قرار دیا جاسکتا ہے ، اسی علاقے میں پانچ بڑی پہاڑی چوٹیاں واقع ہیں جن کی اونچائی پانچ ہزار سے آٹھ ہزار میٹر تک ہے جہاں پچاس سے زائد پہاڑ سات ہزار میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں جہاں دنیا کی سب سے دوسری اونچی چوٹی کے ٹو اور نانگا پربت بھی واقع ہے ۔

دریں اثنا ء ترقیاتی مشیر جاوید اختر نے جن کا تعلق اسی علاقے سے ہے بات چیت کرتے ہوئے کہا سی پیک منصوبہ یقیناً علاقے کے عوام کے لئے ترقی ، خوشحالی اور کاروباری مواقعے کا پیغام لے کر آئے گا ۔قانون اور انصاف کے پارلیمانی سیکرٹری اور اورنگزیب خان نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم جو کہ گلگت بلتستان میں واقع ہے اگر مکمل ہو گیا تو اس سے 4500میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے ،گلگت بلتستان کے عوام بجلی کے بحران سے نجات حاصل کر لیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے حالیہ دورہ گلگت بلتستان کے دوران فائبر آپٹک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے جو 4.4ارب روپے کی لاگت سے دو سال میں مکمل ہوجائے گا اس سے راولپنڈی اور خنجراب کے درمیان 820کلومیٹر طویل کیبل بچھائی جائے گی جو پاکستان اور چین کے دومیان مواصلاتی رابطے کا ایک بڑا اورجدید ذریعہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو اس منصوبے سے بڑے فوائد حاصل ہوں گے اور وہ اب تک تھری جی اور فور جی کی جن جدید سہولتوں سے محروم ہیں انہیں وہ بھی حاصل ہو جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :