امریکہ اور نیٹو ممالک افغانستان میں شکست کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرارہے ہیں ، پاکستان سے انتقام لینے کیلئے بھارت سے معاہدے کئیجا رہے ہیں،بھارت کے تمام ایئرپورٹس پر امریکی ڈرون موجود ہیں ، یہ تمام تیاریاں پاکستان کے خلاف کی جا رہی ہیں،عالم کفر پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور میزائل پروگرام کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں،پاکستان کے اندر اتحاد کی فضا پیدا کریں گے ، اسلام دشمنوں کا جواب دینے کے لئے اسلامی یونین بنائی جائے

امیرجماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعیدکا سینئر صحافیوں ، مدیران اور کالم نگاروں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب

ہفتہ 18 جون 2016 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء ) امیرجماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لیے بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف اتحاد بنا رہا ہے ، امریکہ اور نیٹو ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ افغانستان میں شکست کا ذمہ دار پاکستان ہے اور پاکستان کی وجہ سے ہی نیٹو ممالک اس خطے میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکے ، پاکستان سے انتقام لینے کیلئے بھارت سے معاہدے کیلئے جا رہے ہیں۔

پہلے بھارتی وزیراعظم مودی کو دہشت گرد ڈکلیئر کیا گیالیکن آج اس کا پرتپاک استقبال کیاجا رہا ہے ، اب بھار ت امریکہ کی ضرورت ہے۔ امریکہ اس سے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتا ہے۔ بھارت نے اپنی بندرگاہیں معاہدے کے تحت امریکہ کے حوالے کیں،بھارت کے تمام ایئرپورٹس پر امریکی ڈرون موجود ہیں۔

(جاری ہے)

یہ تمام تیاریاں چین کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے خلاف کی جا رہی ہیں۔

عالم کفر پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور میزائل پروگرام کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔ امریکہ اپنی شکست کا انتقام لینے کیلئے بھارت کو استعمال کرنا چاہتا ہے،پاکستان کے اندر اتحاد کی فضا پیدا کریں گے ،اگر یورپی یونین بن سکتی ہے تو اسلامی یونین بھی بن سکتی ہے۔ وہ ہفتہ کو سینئر صحافیوں ، مدیران اور کالم نگاروں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے ۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ سے دن بدن دور ہو رہا ہے۔ مسلمان ملکوں کے بننے والے اتحاد میں پاکستان کا کردار کلیدی ہوگا۔ پاکستان عرب ممالک کو دفاع کی ضمانت دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اگر آج مسلمان ممالک وسیع تر اتحاد قائم کر کے معاشی وسائل کو یکجا کرتے ہیں تو اس سے مغرب کو بہت بڑا نقصان ہو گا۔ اس لیے وہ سمجھتے ہیں کہ اگر پاکستان کو انتشار کا شکار کر لیا جائے تو مسلمان ملکوں کا اتحاد نہیں بن سکے گا۔

صرف اسی صورت میں مسلمان ملک امریکی غلام رہ سکتے ہیں۔ اس لیے پاکستان کے خلاف سازشوں میں دن بدن شدت آ رہی ہے۔ یہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے۔ آج بلوچستان کے اندر ایک ڈرون حملہ ہوا تو کیا ہم وہ دن بھول گئے جب امریکی جرنیل پاکستان میں بیٹھے ہوتے تھے اور یہاں سے ڈرون اڑ کر افغانستان میں حملہ کرتے تھے۔ اگر اتنے خوفناک منصوبوں کے باوجود بھی افغانستان سے نیٹو کو نکلنا پڑا تو اس میں بھی اﷲ تعالیٰ کی تدبیر نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکیوں کو بہت بھگت لیا ہے اب انڈیاا سے بھگتے گا۔ مودی انڈیا کی تباہی کا سبب بنے گا۔ امریکہ کے ساتھ معاہدوں کی وجہ سے مودی کو انڈیا میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکہ کی دوستی اس کی دشمنی سے زیادہ خطرناک ہے۔ پارلیمنٹ کے اندرجو کچھ ہور ہا ہے اس سے قوم کے اندر مایوسیاں پھیل رہی ہیں۔ قوم اﷲ کے فضل سے اب بھی زندہ ہے۔

میڈیا قوم کو اس مایوسی کی صورت حال سے نکالے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان کے اندر اتحاد کی فضا پیدا کریں گے۔ اگر یورپی یونین بن سکتی ہے تو اسلامی یونین بھی بن سکتی ہے۔ مایوسیوں کو ختم کریں۔ امیدوں کے چراغ جلائیں۔ روشن راستے دکھائیں۔مضبوط پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔ آج کشمیر میں تحریک آزادی کی قیادت نوجوان کر رہے ہیں جو کشمیر کے شہر شہر پاکستان کا جھنڈ ا لہرا رہے ہیں ۔ مضبوط اور متحد پاکستان 25کروڑ بھارتی مسلمانوں حل کیلئے بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔ میڈیا کی وجہ سے قوم کی صحیح سمت گامزن ہو سکتی ہے۔