وارڈنز افطاری کے اوقات میں انتہائی صبروتحمل سے ڈیوٹی کریں‘طیب حفیظ چیمہ

محنت،لگن سے ڈیوٹی کرنے والی 3لیڈی وارڈنز ،4وارڈنز کو نقد انعامات سے نوازا گیا

ہفتہ 18 جون 2016 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جون ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ وارڈنز رمضان المبارک کے دوران شدید گرم موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر بھرپور محنت ،لگن اور ذمہ داری سے ڈیوٹی نبھائیں،سٹی ٹریفک پولیس کا مقصد شہر کی ٹریفک کو رواں دواں رکھنا اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے،وارڈنز شہریوں سے شائستہ رویہ اور پہلے سلام پھر کلام کے اصولوں کو اپنائیں ،مشکوک گاڑیوں اور مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ سٹی ٹریفک پولیس اور عوام میں دوستی کے رشتہ کومضبوط کیا جا سکے۔

ٹریفک وارڈنز کے دربار سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 3لیڈی وارڈنز اور 4ٹریفک وارڈنز کو 2/2ہزار روپے نقد انعام دیا۔

(جاری ہے)

دربار کے اختتام پر اٹلس ہنڈا کے تعاون سے وارڈنز کیلئے افطار ی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک وارڈنزرمضان المبارک میں افطاری کے اوقات میں سڑکوں پرانتہائی صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں سے نرمی سے پیش آئیں۔

انہوں نے ایس پیز،ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ اہم شاہراہوں پر واقع مساجد کے باہر تراویح کے وقت پارکنگ کا بندوبست کریں۔سیکٹر انچارجز اور پٹرولنگ آفیسر علاقے میں پٹرولنگ کرتے ہوئے تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خلاف انسدادی کارروائی یقینی بنائیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہٹریفک قوانین کی معمولی خلاف ورزی پرشہریوں کو ایجوکیٹ کر یں ۔انہوں نے کہا کہ رش کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے لہذا ان اوقات میں وارڈنز زیادہ ذمہ داری کیساتھ ٹریفک کو ریگولیٹ رکھیں۔

ٹریفک وارڈنزمزید محنت اورلگن سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کی پرواہ کیئے بغیرمحنت اور لگن سے ڈیوٹی کرنے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ٹریفک وارڈنز کی فلاح و بہبود کیلئے تما م تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں سے کہا کہ وہ بھی ٹریفک وارڈنز سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ٹریفک قوانین کا احترام کریں تا کہ شہر کی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے ساتھ ساتھ محفوظ سفر کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :