پا کستانی عوام کسی بھی صورت’’ مائنس ون اور ٹو فارمولہ‘‘ تسلیم نہیں کریں گے ٗ عابد شیر علی

پا کستانی عوام کسی بھی صورت’’ مائنس ون اور ٹو فارمولہ‘‘ تسلیم نہیں کریں گے ٗمیڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 جون 2016 22:12

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جون ۔2016ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پا کستانی عوام کسی بھی صورت’’ مائنس ون اور ٹو فارمولہ‘‘ تسلیم نہیں کریں گے ، وزیراعظم نوازشریف عوام کی دھڑکنوں میں رہتے ہیں اور عید سے چندروز قبل پاکستان پہنچ جائینگے، پاکستان اور چین کی قربت کو کچھ ممالک کو پسند نہیں آرہی چنانچہ وہ اپوزیشن جماعتوں کو شہہ دیکر ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں مگر انہیں اس میں مکمل ناکامی ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور سول حکومت ایک پیج پر ہے ، دو سال کے ضرب عضب میں جس طرح کامیابی حاصل کی گئی اس کی مثال بہت کم ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ملک کی تمام صنعتوں کو گیس سپلائی مکمل فراہم کی جائے گی اور2018ء تک لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا جو وعدہ کیا گیا ہے اسے ہر صورت پورا کریں گے ۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ مسلح افواج اور دیگر اداروں نے ضرب عضب کے دوران جو قربانیاں دی ہیں وہ پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، کچھ طاقتیں گوادر پورٹ کی کامیابی کو نہیں دیکھنا چاہتی، مگر نواز شریف ہر صورت گوادر پورٹ اور دیگر پراجیکٹس کو اپنی حکومت میں نہ صرف مکمل کروائینگے بلکہ 2018ء کے انتخابات بھی بھاری اکثریت سے جیت جائینگے۔

متعلقہ عنوان :