صوبے بھر میں رمضان بازار وں کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے 5ارب کے رمضان پیکیج کا اعلان ایک تاریخی اقدام ہے جس سے مہنگائی کے سد باب میں مدد ملی ہے، رمضان المبارک میں ان سستے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل اور وافر مقدار میں فراہمی و دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے

پنجاب کے وزیر محنت و افراد ی قوت راجہ اشفاق سرور کی رمضا ن سستے بازاروں کے دورہ کے دوران گفتگو

ہفتہ 18 جون 2016 22:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء) پنجاب کے وزیر محنت و افراد ی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے صوبے بھر میں رمضان سستے بازار وں کے انعقاد کا مقصد عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف دینا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی طرف سے پانچ ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان ایک تاریخی اقدام ہے جس سے مہنگائی کے سد باب میں بڑی مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان رمضان سستے بازاروں میں لوگوں کومعیاری اور سستے داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام ان بازاروں سے مکمل استفادہ کر سکیں،اور اپنی روزمرہ کی اشیائے ضروریہ مارکیٹ سے کم ریٹ پر خرید سکیں۔انہوں نے کہا کہ پورے رمضان المبارک میں ان سستے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل اور وافر مقدار میں فراہمی و دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہڑ ہڑپال، اور چکلالہ کینٹ راولپنڈی میں حکومت پنجاب کی جانب سے قائم کئے گئے رمضا ن سستے بازاروں کے دورہ کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب ملک افتخار ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ ، رہنما مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر جمال ناصر ، اے ڈی سی جی نازیہ پروین سدھن ، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ڈاکٹر ستائش اور انتظامیہ کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے سستے رمضان بازاروں کے دورے کے دوران ہر سٹال پر گئے اور سیلز مینوں سے اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں ، معیار اورسپلائی کے متعلق دریافت کیا اور اشیاء کے معیار اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے وہاں پر موجود خریداروں سے بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کے متعلق دریافت کیا ۔صارفین نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے نرخ عام مارکیٹ کے مقابلے میں نسبتا کم ہیں اور معیار بھی عام مارکیٹ سے بہتر ہے ۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ آخری روزے تک یہ رمضان سستے بازار قائم رہیں گے ،اور عوام کو معیاری اور سستے داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ رمضان سستے بازاروں میں معیار ی اور بہتر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے فوری اور ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو رمضان المبارک میں کسی قسم کی پریشانی کو سامنا نہ کرنا پڑے ،اور وہ اپنی روزمرہ ضرورت کی اشیائے سستے ریٹ پر خرید سکیں۔

اے ڈی سی جی نازیہ پروین سدھن نے اس موقع پر چوہڑ چوک اور چکلالہ کے رمضان بازاروں کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ تھو ک مارکیٹ اور پرچون سطح پر قیمتوں کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بازاروں اور مارکیٹوں میں بھی یومیہ بنیادوں پر چیکنگ کر کے منافع خوروں اور مصنوعی گرانی پیدا کرنے والے دکانداروں کے خلاف کاروائی کر رہے ہیں۔