ام المو منین حضرت خدیجتہ الکبری نبی اکرمؐ پر سب سے پہلے ایمان لانے والی اور دین اسلام کی تصدیق کرنے والی تھیں ، آپکو حضور ؐکی پہلی زوجہ ہونے کی سعادت بھی حاصل ہے

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی ناظمہ روبینہ خاکی کا حضرت خدیجۃ الکبری ؓ کانفرنس‘‘ سے خطاب

ہفتہ 18 جون 2016 20:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء ) منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی ناظمہ روبینہ خاکی نے کہا ہے کہ ام المو منین حضرت خدیجتہ الکبری نبی اکرمؐ پر سب سے پہلے ایمان لانے والی اور دین اسلام کی تصدیق کرنے والی تھیں ۔ آپکو حضور ؐکی پہلی زوجہ ہونے کی سعادت بھی حاصل ہے ۔ آپ ؓخاندان قریش کی ممتاز اور باوقار خاتون تھیں ۔

حضرت خدیجہ الکبریؓ حسن سیرت ،اعلیٰ اخلاق ،بلند کردار اور شرافت ومرتبہ کی وجہ سے مکہ مکرمہ اور ارد گرد کے علاقے میں ــ’’طاہر‘‘ کے پاکیزہ لقب سے مشہور تھیں ۔ غریب پروری اور سخاوت حضرت سیدہ خدیجہ ؓ کی امتیازی خصوصیات تھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت خدیجۃ الکبری ؓ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ضلعی نائب صدر فرحت دلبر قادر ی نے کہا کہ سیدہ خدیجۃ الکبری کو دین اسلام اور بارگاہ مصطفےٰ ؐمیں بڑی فضیلت حاصل ہے۔

ایسی عظیم فضیلت کہ سیدہ فاطمۃ الزہراہ خاتون جنت جیسی ہستی ان ہی کے بطن سے پیدا ہوئیں ۔حضرت خدیجہ جب تک حیات رہیں آپکی موجود گی میں آپ ؐ نے کسی خاتون سے نکاح نہیں کیا۔ فرحت دلبر قادری نے کہا کہ کفار کی اذیتوں سے جب حضور ؐ کو رنج پہنچتا تو وہ رنج ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ کو دیکھتے ہی جاتا رہتااور آپ ؐ خوش ہو جایا کرتے۔سیدہ خدیجہ نے حضور اکرم ؐ سے والہانہ محبت کی ،آپ ؐ کیلئے راحت و آرام کے تمام اسباب مہیا کئے ۔خوشحالی کے تمام تر پہلو آ پ پر نچھاور کئے ۔رسول اﷲ ؐ کی پسند حضرت سیدہ خدیجہ ؓ کی پسند تھی۔