وزارت مذہبی امور اور حج گروپ آرگنائزرز کے درمیان مذاکرات کامیاب، وزارت نے تمام موجودہ کمپنیوں کو حج 2016کیلئے کوٹہ جاری کر دیا

تمام کمپنیاں جلد کاغذی کارروائی مکمل کر کے متعلقہ حاجی کیمپوں سے آفر لیٹر حاصل کریں مذاکراتی کمیٹی کا سیکرٹری مذہبی امور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار،مذاکراتی کمیٹی کا تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے اور حجا ج کو بہتر سہولیات پہنچانے کا عزم،اعلامیہ جاری

ہفتہ 18 جون 2016 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء ) وزارت مذہبی امور اور حج گروپ آرگنائزرز کے درمیان تمام امور طے پا گئے۔ تمام موجودہ کمپنیوں کو حج 2016کیلئے کوٹہ جاری کر دیا گیا۔ مذاکراتی کمیٹی نے موجودہ سیکرٹری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق حج 2016کے لئے سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کے تحت 50،50فیصد کے تناسب سے عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

تما م موجودہ کمپنیوں کو 71ہزار 6سو 84حجاج کا کوٹہ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے ایچ جی اوز کو جلد از جلد کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اپنے آفر لیٹر متعلقہ حاجی کیمپوں سے وصول کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وزارتِ مذہبی امور نے سعودی عرب کو بھی پرائیویٹ حج کمپنیوں کے کوٹہ اور رجسٹریشن کے حوالے سے ضروری تفصیلات بھجوا دی ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حج گروپ آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان ہوپ اور وزارتِ مذہبی امور کے درمیان کئی دنوں سے جاری ڈیڈ لاک گذشتہ روزختم ہو گیا۔ ہوپ چیئرمین محمد ندیم شریف اور ہوپ کوآرڈینیٹر ثنااﷲ خان کی سربراہی میں امتیاز بھٹی ، جاوید اختر، چوہدری منور احمد، وحید اقبال بٹ اور جمال تراکئی پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی نے وزارت میں جوائنٹ سیکرٹری (حج) محمد فاروق، ڈپٹی سیکرٹری فرید اسلام خٹک اور سیکشن آفیسر ناصر عزیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزارتِ مذہبی اموراور ہوپ کے درمیان تمام تصفیہ طلب معاملات طے پا گئے ہیں۔دونوں فریقین نے اس سال عازمینِ حج کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ دریں اثنا حج گروپ آرگنائزرز کی مذاکراتی کمیٹی نے موجودہ سیکرٹری سہیل عامر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور آئندہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔