رمضان بازاروں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کے لئے کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس

حکومتی اقدامات کی بدولت روزہ داروں کورمضان بازاروں میں خریداری کا ایک نیا کلچر دیکھنے کو ملا ہے‘ صوبائی وزراء خریداروں کے لئے رمضان بازاروں میں ’’با عزت قطار بندی ‘‘کو یقینی بنایا جائے‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب

ہفتہ 18 جون 2016 18:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے اس سال رمضا ن المبارک کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر 5ارب روپے کی سبسڈی دے کر روزہ داروں کو کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی دیگر اشیاء پرقابل قدر رعایت سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کیا ہے ،اس لئے صوبے کے تمام رمضان بازاروں سے ہر صورت عوام کو اچھا پیغام جانا چاہیے ،کسی بھی جگہ سے صارفین کو اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے بارے میں کوئی شکایت لاحق ہونے کی صورت میں فوری ازالہ کرنے کا انتظام کرلیا گیا ہے لیکن متعلقہ رمضان بازار کے دکاندار ،آڑھتی اور مقامی انتظامیہ سب ہی اپنے خلاف حکومتی کارروائی کا سامنا کرنے کے لئے بھی تیار رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ لاہور میں رمضان پیکج کی مانیٹرنگ کے سلسلے میں تشکیل دی گئی کیبنٹ کمیٹی کے 12ویں اجلاس کے دوران کہی ۔صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ،چیئر مین وزیر اعلی معائنہ ٹیم عرفان علی،سیکرٹری خوراک پنجاب ڈاکٹر پرویز احمد خاں،سیکرٹری آئی اینڈ سی فراست اقبال ،سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور ،سپیشل سیکرٹری سی ایم آئی ٹی فضل عباس اورڈی سی او لاہور کپیٹن (ر) عثمان یوسف کے علاوہ صوبائی محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ اور محکمہ صنعت پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز نے شرکت کی ۔

وزیر صنعت چوہدر ی محمد شفیق نے حکومت پنجاب کے رمضان پیکج کو عوام کوسہولت پہنچانے کی بہت اچھی کاو ش قرار دیا اور کہا کہ جس طرح لاہور کے رمضان بازارو ں میں ایئر کنڈیشنرز کی تنصیب سمیت مارکیٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے ،اسی طرح صوبے کے چھوٹے شہروں اور قصبات کے رمضان بازاروں میں بھی جدید یت لائی جائے تا کہ وہاں خریداری کیلئے آنے والے روزہ داروں کو خریداری کا ایک نیا کلچر دیکھنے کو ملے جہاں سہولت کے ساتھ با کفایت طریقے سے کھانے پینے کی اشیاء بہتر کوالٹی کے ساتھ ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوں ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پرتمام اضلاع کی انتظامیہ اور سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ آٹا ،چینی ،پھلوں اور سبزیوں کی رعایتی قیمت پر لوگوں کو فراہمی کا اہتمام پہلے سے زیادہ عمدہ طریقے سے کریں تا کہ عام لوگوں کو خریداری کے لئے زیادہ انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس رعایتی نرخوں پر لوگوں کو دینے کیلئے چینی ضرورت سے کہیں زیادہ مقدار میں وافر موجود ہے-اس لئے چینی کے خریداروں کے لئے رمضان بازاروں میں ’’با عزت قطار بندی ‘‘کو یقینی بنائیں ،صارفین کو پہلے سے پیک شدہ ایک کلو گرام اور دو کلو گرام کے پیکٹس میں چینی تقسیم کی جائے جو کہ اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں حکومت پنجاب رمضان بازاروں میں 10روپے فی کلو سستی فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سستے آٹے کی فراہمی کے دور ان بھی کسی قسم کی دھکم پیل نہ ہونے دی جائے ۔اجلاس میں سمندری اور گجرات کے بعض رمضان بازاروں میں چینی کے حصول کے لئے عوام کو تا دیر قطاروں میں انتظار کروانے کی شکایت کا سختی سے نوٹس لیا گیا ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے بناسپتی گھی کے 134برانڈز میں سے عوامی ترجیح کے حامل بعض برانڈز کی سرگودھا ،ننکانہ صاحب اور قصور میں کمیابی کی شکایت کا فوری ازالہ کرنے کے لئے پنجاب بناسپتی گھی مینو فیکچررز ایسوسی ایشن سے معاملہ ٹیک اپ کرنے کے لئے کہا تا کہ اس مسئلے کا خوش اسلوبی کے ساتھ ازالہ ہو سکے ۔

انہوں نے سول سیکرٹریٹ لاہورمیں تعینات پی آئی ٹی بی کے نمائندوں سے کہا کہ جس لمحے کسی بھی ضلع سے اس نوعیت کی کوئی شکایت صارفین کی جانب سے سامنے آئے ،اسے فوری طور پر سول سیکرٹریٹ ہی میں موجود سیکرٹری آئی اینڈ سی فراست اقبال تک پہنچایا جائے تا کہ کسی بھی شکایت کا متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے توسط سے فوری ازالہ ممکن ہو سکے ۔سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور نے رمضان بازاروں میں حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات اور سبسڈی کے بارے میں عام لوگوں کو با خبر رکھنے کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا ۔

اجلا س کے تمام شرکاء نے رمضان بازاروں کے حوالے سے میڈیا میں مثبت کوریج دینے پر میڈیا رپورٹرز کی کارکردگی کی تعریف کی اور اسے روزہ داروں کی حوصلہ افزائی کاباعث قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :