حمزہ شہباز سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

موجودہ حکومت تعلیم،صحت اور دیگر شعبوں میں اہم منصوبو ں پرتیزی سے کام کررہی ہے‘ رکن قومی اسمبلی

ہفتہ 18 جون 2016 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جون ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما وممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تھامس ڈریو نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے کامیاب آپریشن اور ان کی جلد صحت یابی پر مسرت کا اظہار کیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم،صحت اور دیگر شعبوں میں اہم منصوبوں پر تیزی سے کام جاری رکھے ہوئے ہے او ر انشاء اﷲ 2018 لوڈشیڈنگ سمیت ملک کو درپیش مسائل کے خاتمے کا سال ہو گا۔انہوں نے بالخصوص پنجاب میں جاری منصوبوں کے حوالے سے ڈیفڈ اور برطانیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس میں مزید اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ نوجوانوں کو سکلڈایجوکیشن مہیا کرنے کے لئے خصوصی کام ہورہا ہے جبکہ تعلیمی شعبے میں بہتری لانے کے لئے بھی اہم اقدامات کئے جارہے ہیں۔حمزہ شہباز نے برطانیہ اور پاکستان کے مابین باہمی تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اس کے دوررس مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔اپنی گفتگو میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پاکستان بالخصوص پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلی محمد شہباز شریف کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے برطانیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔برطانوی ادارے ڈیفڈ کے ڈائریکٹر بین فرنچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔