وزیر اعظم پاکستان بہت جلد گرین پاکستان پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کیلئے 70کروڑ کا پراجیکٹ منظور کریں گے،

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت محکمہ جنگلات کے افسران کا اجلاس

ہفتہ 18 جون 2016 16:16

گلگت ۔ 18 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جون ۔2016ء)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ آئندہ چار سالوں میں جگلوٹ سے10میگا واٹ بجلی پیدا جائیگی جس سے جنگلات کی کٹائی کا خاتمہ ہو گا۔ جنگلات کی کٹائی کی روک تھام نہ صرف ایک علاقے کیلئے ضروری بلکہ عالمی ماحولیات کی بہتری کیلئے بھی سود مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت جنگلات کی بحالی اور نشونما پر یقین رکھتی ہے ۔

جنگلات کی بقاء اور تحفظ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بھی بہت مفید اور اہم ہے ایک درخت لگا نا صدقہ جاریہ ہے جبکہ درختوں کی پیداوار سے ماحول کو بھی تحفظ ملتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت جنگلات کے بے دریغ کٹاؤکو روکنے کیلئے عوام کو روزگار کے متبادل ذرائع فراہم کریگی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تحفظ جنگلات کمیٹی سئی بالا کے جنگلات کی کٹائی کی روک تھام کے حوالے سے حکومت کے ساتھ تعاون کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ جس کے تحت جگلوٹ چکر کوٹ سئی بالا میں عوام کو اخوت کے دفاتر قائم کر کے وزیراعلیٰ بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف پورے ملک کی طرح گلگت بلتستان میں بھی جنگلات کی افزائش ، بقاء اور نشو نما سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان بہت جلد گرین پاکستان پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کیلئے 70کروڑ کا پراجیکٹ منظور کریں گے ۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ جنگلات کے افسران کو اس حوالے سے ہوم ورک کرنے کی باقاعدہ ہدایات بھی جاری کیں جبکہ سیکرٹری جنگلات کو ہدایات جاری کیں کہ وہ گلگت بلتستان کے تمام علاقوں میں نئے لگائے گئے پودوں اور شجر کاری کے تحت لگنے والے پودوں کے حوالے سے جامع رپورٹ مرتب کریں جس کی وزیراعلیٰ کی خصوصی ٹیم مانیٹرنگ کریگی۔