دہشت گردوں کے علاج کا مقدمہ، ڈاکٹر عاصم کی درخواستِ ضمانت مسترد

ہفتہ 18 جون 2016 15:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جون ۔2016ء) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس میں ڈاکٹر عاصم حسین کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوانسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ڈاکٹر عاصم کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی گئی تھی، جیسے عدالت نے مسترد کردیا۔

دوران سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے ڈاکٹر عاصم سے مکالمے میں کہا آپ کے لئے اچھی خبر نہیں تو ڈاکٹرعاصم نے سوال کیا کہ ان کے اسپتال میں دہشت گردوں کا علاج ہوا، کیا ان پر الزامات درست ہیں، جس پر عدالت نے کہا بظاہر مقدمے سے ایسا لگتا ہے، وکلا کے دلائل سے الزامات غلط ثابت نہیں ہوتے، جس پر ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ آپ کا یہ کہنا ہے کہ یہ الزامات درست ہیں؟جج نے کہا ہمیں صرف یہ دیکھنا ہے کہ بظاہر کیس کیا ہے؟۔

(جاری ہے)

ہفتہ کوڈاکٹرعاصم پیشی پر آئے تو انھوں نے ٹو پی بھی پہن رکھی تھی، ضمانت مسترد ہونے پر وہ دل گرفتہ نظر آئے اور کہا طبیعت اچھی نہیں بس جی رہا ہوں۔ اہلیہ بھی شدید بیمار ہیں لیکن وہ ضد میں پاکستان واپس آگئیں۔دوسری جانب مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19جولائی تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :