دبئی: آر ٹی اے نے ڈرائیوروں کے لیئے نئی ہدایات جاری کر دیں

ہفتہ 18 جون 2016 14:39

دبئی: آر ٹی اے نے ڈرائیوروں کے لیئے نئی ہدایات جاری کر دیں

دبئی :(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔18جون 2016ء): دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی(آر ٹی اے) نے ڈرائیوروں کے لیئے نئی ہدایا ت جاری کر دیں ہیں۔ آر ٹی اے کے سی ای او میتھا بن عدائی نے ڈرائیوروں کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ وہ تھکاوٹ اور غنودگی محسوس ہو تے ہی گاڑی کو روک دیں اور آرام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان دو حالتوں میں گاڑی چلانا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔

رمضان المبارک میں توانائی میں کمی کی وجہ سے اکثر ڈرائیور حضرات کو جلد تھکاوٹ ،یا غنودگی کے آثار نمایاں ہو جاتے ہیں۔ جس سے حادثات پیش آنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ آر ٹی اے نے رمضان المبارک سے پہلے ”سیف ڈرائیونگ “ مہم کا آغاز کیا تھا۔ جس کا مقصد گاڑی چلانے والے افراد میں روزے کے دوران ڈرائیونگ کے اصولوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس سال آرٹی اے نے آگاہی فراہم کرنے کے لیئے زیادہ توجہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دی تھی ۔ کیونکہ دبئی میں ان ویب سائٹس کو استعمال کرنے والوں کی تعداد دوسرے عرب ممالک سے زیادہ ہے ۔ جس کے خاطر خواہ نتائج بھی آئے ہیں۔ اس کے علاوہ آرٹی اے کی طرف سے اماراتی پیٹرولیم کمپنی کے تعاون سے تمام پیٹرول اسٹیشنوں پر ڈرائیوروں اور مسافروں کو مفت افطاری کی تقسیم کی جا رہی ہے۔رمضان ا لمبارک میں نیند کے اوقات میں تبدیلی کی وجہ سے ڈرائیوروں کو گاڑی چلاتے ہوئے غنودگی اور تھکاوٹ کے اثرات جھیلنا پڑتے ہیں ۔لیکن اگر ڈرائیور وں کو ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے تو اس کے لیئے ضروری ہے کہ وہ پہلے آرام کر لیں اور تازہ دم ہو کر اپنا کام کریں۔