ملا منصور کا پاکستانی پاسپورٹ، چار گرفتار افراد کی ضمانت منظور ‘ رہا کر دیا گیا

ہفتہ 18 جون 2016 13:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جون ۔2016ء) بلوچستان کی عدالت نے ڈرون حملے میں مارے جانے والے افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کرنے کے الزام میں گرفتار چار افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔گذشتہ ماہ بلوچستان کے ضلعے نوشکی میں امریکی ڈرون حملے میں ملا اختر منصور کے مارے جانے کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ تھا۔

یہ پاکستانی دستاویزات انھوں نے ولی محمد کے نام سے افغانستان سے متصل بلوچستان کے ضلع قلعہ عبد اللہ کے سرحدی شہر چمن کے رہائشی کی حیثیت سے حاصل کیے تھے۔افغان طالبان کے سابق امیر کو پاکستانی دستاویزات کی فراہمی کے معاملے پر بڑے پیمانے پر تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جاری کیے جانے والے جعلی دستاویزات کی تصدیق کے الزام میں مجموعی طور پر سات موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو گرفتار کیا تھا۔

ان ملازمین میں نادرا کے علاوہ حکومت بلوچستان کے بھی بعض ملازمین شامل تھے۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں سے ایک نے بلوچستان ہائیکورٹ اور تین نے انسداد بدعنوانی کی عدالت سے ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست دی تھی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ عدالتوں نے ان کی ضمانت منظوری دی ہے۔انسداد بدعنوانی کی عدالت سے ضمانت حاصل کرنے والوں میں سابق اسسٹنٹ کمشنر رفیق ترین اور نادرا کے دو ملازمین عزیز احمد اور فرخ شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ رفیق ترین کو ملا اختر منصور کے پاسپورٹ سے متعلق دستاویزات، عزیز احمد کو شناختی کارڈ کے دستاویزات ‘ فرخ کو کراچی میں ان کے بچوں کے شناختی دستاویزات کی تصدیق کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :