اقوام متحدہ کے امن مشن میں تعیناتی کیلئے پاکستان آرمی کے اضافی دستے تیار ہیں, دستوں کی فوری تعیناتی کیلئے انتظامات کو یقینی بنانا چاہئے، پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کے اہداف کے حصول میں پر عزم ہے

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا پیس کیپنگ کے موضوع پر لیڈر سمٹ کے فالو اپ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 18 جون 2016 13:04

اقوام متحدہ ۔ 18 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جون ۔2016ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں تعیناتی کیلئے پاکستان آرمی کے اضافی دستے تیار ہیں اور ان دستوں کی فوری تعیناتی کیلئے انتظامات کو یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات پیس کیپنگ کے موضوع پر لیڈر سمٹ کے فالو اپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان آرمی کے اضافے دستے اور سازوسامان پیس کیپنگ مشن میں تعیناتی کیلئے تیار ہیں۔ پاکستانی دستوں کا انتخاب اقوام متحدہ کی خصوصی ٹیم نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کیلئے اپنا کردارادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ ہم اس بات کی پر زور حمایت کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے امن مشن کیلئے انتخاب کردہ فوجی دستوں کی تعیناتی کا عمل تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

پیس کیپنگ کے موضوع پر لیڈر سمٹ گزشتہ ستمبر میں ہوئی تھی۔ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اس سمٹ کے میزبان تھے۔ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں مزید پاکستان فورسز کی شمولیت کا وعدہ کیا تھا جس میں انفنٹری بٹالین، ٹرانسپورٹ، انجینئرنگ اینڈ سگنل کمپنی، اضافہ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی، لیول ٹو اور لیول تھری ہسپتالوں کی تعیناتی شامل تھی۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پیس کیپنگ آپریشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا کامیاب دورہ کیا۔ ٹیم نے اس دوران افواج کی تعینات کی تیاریوں اور وعدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے اور اس ضمن میں پاکستان اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کے اہداف کے حصول میں پر عزم ہے۔

اس وقت اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان سب سے زیادہ فوجیوں کی فراہمی میں سرفہرست ہے، پاکستانی افواج نے عالمی ادارے کے امن آپریشن میں آزمائش کی گھڑی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف بھی کیا گیا۔ اس وقت پاکستانی سیکورٹی فورسز کے سات ہزار اہلکار 7 پیس کیپنگ آپریشن میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے لندن میں وزارتی اجلاس کی حمایت کی اور کہا کہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اس میں شرکت کریں گے۔