دنیا بھرمیں دہشت گردی کے واقعات اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

دہشت گردی کی زیادہ تر کارروائی پانچ ممالک میں شام، عراق، نائیجیریا، افغانستان اور پاکستان میں ہوئیں:رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 18 جون 2016 11:03

دنیا بھرمیں دہشت گردی کے واقعات اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

ایمسڈریم(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18جون۔2016ء) دنیا بھرمیں دہشت گردی کے واقعات اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔شام کو سب سے زیادہ بدامنی کا شکار ملک قرار دیا گیا ہے۔2016 کے گلوبل پیس انڈیکس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں موجود تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث کرہ ارض زیادہ بے امن ہوگئی ہے۔انڈیکس سے پتہ چلتا ہے کہ دہشت گردی کی زیادہ تر کارروائی پانچ ممالک میں ہوئی جن میں شام، عراق، نائیجیریا، افغانستان اور پاکستان شامل ہیں۔

برطانیہ، فرانس، بلجیم اور دیگر یورپی ممالک مشرق وسطیٰ کے بیرونی تنازع میں بہت زیادہ انوالو ہیں، اس لیے ان کے امن کو بین الاقوامی دہشت گردی کے بڑھتے خطرات کا سامنا ہے۔انڈیکس بنانے والے انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس (آئی ای پی) کے محققین کے مطابق جنگ سے ہونے والی اموات کی شرح بھی 25 سال کی بلند ترین سطح ہے۔

(جاری ہے)

آئی ای پی کے بانی اسٹیو کلیلی کہتے ہیں کہ اگر ہم گزشتہ دہائی اور گزشتہ سال میں مشرق وسطیٰ کو انڈیکس سے نکال دیں تو دنیا بہت زیادہ پرامن نظر آئے گی۔

اس سے پتہ چلتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے پوری دنیا پر کتنے زیادہ اثرات پڑ رہے ہیں۔اس وقت صرف 10 ممالک ایسے ہیں جو کسی جھگڑے سے پاک نظر آتے ہیں، ان میں بوٹسوانا، چلی، کوسٹا ریکا، جاپان، ماریشس، پاناما، قطر، سوئٹزرلینڈ، یوراگوئے، اور ویت نام شامل ہیں۔یورپ بدستور سب سے پرامن براعظم ہے لیکن اس سال کی رپورٹ میں پیرس اور برسلز پر دولت اسلامیہ عراق و شام کے حملوں کی وجہ سے یورپ کی پرامن ہونے کی اوسط بھی کم ہوگئی ہے اور پچھلے پانچ سال میں یورپ میں دہشت گردی سے ہونے والی ہلاکتیں دگنی سے بھی زیادہ ہوگئی ہیں۔

بعض ممالک کے ہاں امن و استحکام کا گراف بہت بہتر ہوا ہے جن میں پاناما، تھائی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ جب کہ انڈیکس میں ایک مرتبہ پھر آئس لینڈ کو دنیا کا سب سے پرامن ممالک قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ڈنمارک، آسٹریا، نیوزی لینڈ اور پرتگال کا نمبر آتا ہے۔